• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریلوے کے شعبے میں پہلی مرتبہ 1000ارب روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی،سعد رفیق

لاہور(خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد اس خطے میں پہلی مرتبہ  ریلوے کے شعبے میں 1000ارب روپے کے قریب کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے ،بھارت نے ون بیلٹ ون روڑمنصوبے سے فائدہ نہ اٹھا کر اپنے پائوں پرخود کلہاڑی ماری،یہ بات انہوں نےچین کے دورے کے بعد ریلویز ہیڈ کوارٹرز میں صحافیو ں کو دورے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ چین نہ صرف کامیاب رہا بلکہ نتیجہ خیز بھی تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دنیا کے65ممالک ون بیلٹ ون روڑ کے ساتھ منسلک ہو چکے ہیں اور مزید ہو رہے ہیں۔ بھارت نے اس منصوبے سے کوئی فائدہ نہ اٹھاتے ہوئے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی ماری ہے کہ وہ اس منصوبے میں شامل نہیں ہوا اور چین میں سرکاری طور پر اس نے اپنی شرکت کو یقینی نہیں بنایا۔انہوں نے بتایا کہ اس دورے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری اور منصوبے ریلوے کی بہتری اور بحالی کے لیے رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریلویز کے لیے چین کی جانب سے جو سرمایہ کاری کی جا رہی ہے وہ سافٹ لون کی صورت میں ہے جس پر2فیصد زائد مارک اپ نہیں ہو گا۔ انہوں  نے بتایا کہ اس کی گرانٹر وفاقی حکومت ہے لیکن قرضے کا زیادہ تر حصہ ریلویز کی جانب سے واپس کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے منصوبے میں ایم ایل ون شامل  ہے جس میں تمام صوبوں کو بھی حصہ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایل ون کے تحت پہلے مرحلے میں پشاور سے لاہور ریلوے ٹریک کو ڈبل اور معیاری بنایا جائے گا جس کے بعدمسافر ٹرین کی رفتار120سے160کلو میٹرتک پہنچ جائے گی۔  موجودہ صورت حال میں ریلوے کی رفتار60سے120کلو میٹر ہے۔ ریلوے کی پٹڑی کے علاوہ جدید انجن اور بوگیاں بھی خریدی جائیں گی اور بعض جگہوں پر جدید ریلوے سٹیشنز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان ریلوے کو مکمل طور پر یورپین طرز پر استوار کرنا مقصود ہو تو پھر اس کے لیے30سے35ارب ڈالر درکار ہیں۔
تازہ ترین