• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 4طالبان دہشتگردوں کو پھانسی دیدی گئی

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)خیبر پختونخوا کی جیل میں فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 4خطرناک دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔یہ دہشت گرد تعلیمی اداروں، ذرائع مواصلات، معصوم شہریوں اور مسلح افواج کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جن دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)سے ہے۔ دہشت گرد محمد ابراہیم ولد مسین ایک پل کو تباہ کرنے سمیت عام شہریوں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا،جس کے نتیجے میں کئی عام شہری اور ایک اہلکار شہید ہوا، رضوان اللہ ولد تاج میر خان واپڈا ملازمین کے اغواء، عام شہریوں کے قتل اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں افسر اور ایک اہلکار زخمی ہوا،سردار علی ولد محمد اکرم خان تعلیمی اداروں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں کئی اہلکار شہید اور زخمی ہوئے، شیر محمد خان ولد احمد خان عام شہریوں کے قتل اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں کئی اہلکار شہید اور زخمی ہوئے،تمام مجرموں سے آتشیں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، دہشت گرد وںنے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور انہیں سزائے موت سنائی گئی۔
تازہ ترین