• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ میں تنازع، تجاوزات کے خلاف مہم مؤخر

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) رمضان المبارک سے قبل ہی شہر میں تجاوزات کی بھرمار،ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ میں تنازعکے باعث عدلیہ کے احکامات پر شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم بند،شہر میں ٹریفک جام معمول بن گیا۔ رمضان المبارک قریب آنے کے باوجود انتظامیہ نے شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم تیزکرنے کے بجائے مؤخر کردی،دو ہفتے قبل لطیف آباد نمبر 6 اور 2 میں بلدیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کچی آبادی کے دو درجن سے زائد گھروں کو مسمار کرکے تجاوزات کے زمرے میں آنے والے بااثر افراد کے پیٹرول پمپ، مارٹ، بنگلوز، ریسٹورنٹ و دیگر کے خلاف نمائشی کارروائی کی گئی تھی جس کے بعد ضلع انتظامیہ اور بلدیہ اعلیٰ میں تنازعپیدا ہوگیا، میئر حیدرآبادکاکہنا تھا کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی میں ضلعی انتظامیہ سے کوئی تعاون نہیں کیا جائے گا۔مذکورہ کارروائی کے بعد لطیف آباد نمبر 6 میں قائم ریسٹورنٹ،بنگلوز و کے مالکان نے دوبارہ تجاوزات قائم کرلی ہیں۔ ضلع انتظامیہ اور بلدیہ میں تنازعکے باعث سٹی،لطیف آباد سمیت قاسم آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بند ہے یا قاسم آباد میں چند ایک مقامات پر نمائشی کارروائی کی گئی ہے۔ آپریشن بند ہوتے ہی فوجداری روڈ،تلک چاڑی،لجپت روڈ،سبزی منڈی، لطیف آباد نمبر 8,12 ،آٹو بھان روڈ،مین قاسم آباد، وادھواہ روڈ،موبائل مارکیٹ صدر، ڈاکٹرز لائن، بوہری بازار، چاندنی روڈ،گل سینٹر،کلاتھ مارکیٹ و دیگر علاقوں میں تجاوزات مافیا نے ایک بار پھر تجاوزات قائم کرنا شروع کردی ہیں،شہر کی اہم شاہراہوں فاطمہ جناح روڈ،اسٹیشن روڈ،لطیف آباد نمبر 7 تا 12 و دیگر کے تمام فٹ پاتھ پر دکانداروں نے قبضہ کرلیا ہے یا ان کو پارکنگ ایریا میں تبدیل کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے ماہ رمضان میں خریداروں کے رش کی وجہ سے شہر میں بدترین ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ڈی سی آفس کے مطابق عدالتی کمیشن کے احکامات پر اس وقت نہروں سے تجاوزات ہٹانے کا آپریشن جاری ہے جس کے بعد دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔
تازہ ترین