• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اصلاحات کے نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات،قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے سرکاری شعبہ کے تعلیمی اداروں میں نجی شعبہ کے ہم پلہ سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے متعارف کرائی گئی تعلیمی اصلاحات کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں،مانٹیسوری کلاسز کااجراء اور سرکاری و نجی تعلیمی شعبہ کا اشتراک اس جانب ایک اہم قدم ہے ، پہلی مرتبہ سرکاری تعلیمی اداروں کی بسوں کو جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم سے منسلک کیاجائے گاجس سے والدین کواپنے بچوںسے متعلق معلومات حاصل کرنے میں آسانی ہو گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد گرلزماڈل سکول جی سکس ون فور میں پروان نیشنل سنٹر فار ایکسیلینس ارلی چائلڈ ہڈ کیئر اینڈ ایجوکیشن اور وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کااہتمام مانٹیسوری کٹس کی تقسیم کے حوالے سے کیاگیا ۔ وزیر مملکت نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر پہلی مرتبہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اصلاحات متعارف کروائی گئیں اور محترمہ مریم نواز نے جس بصیرت سے وزیراعظم کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے منصوبہ بندی کی وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے مشیر علی رضا کی کوششیں اور پروان جیسے نجی ادارے کاتعاون بھی قابل ستائش ہے۔مریم اونگزیب نے کہاکہ ملک کاسرکاری تعلیمی شعبہ ابتری کاشکار تھا اس پس منظر میں وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت نجی اور سرکاری اداروں میں اشتراک کار کیا گیا ، 422 سکولوں کی اپ گریڈیشن کی گئی اور ان سکولوں میں ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کے لئے 200 بسوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ پنجاب میں محمد شہباز شریف نے جو تعلیمی بہتری کے لئے پروگرام متعارف کروائے ہیں اسی طرز پر وفاقی تعلیمی اداروں میں بھی اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی جس سے تعلیمی سہولیات بہتر ہوں گی۔قبل ازیں پارلیمانی سیکرٹری برائے کیڈ مائزہ حمید نے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیر اعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کی مدد سے ایک سال میں وفاقی تعلیمی اداروں کے تعلیمی معیار میں بہتری آئی ہے۔ دیہی علاقوں کی طالبات کو بھی ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور والدین سرکاری تعلیمی اداروں کے تعلیمی معیار سے مطمئن ہیں ۔ وزیر اعظم کے تعلیمی اصلاحات کے ایڈوائزر علی رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک سال میں 11تعلیمی اداروں میں مانٹیسوری کلاسز کااجراء کیا گیا اور مزید 59 تعلیمی اداروں میں مانٹیسوری کلاسز کا دائرہ کار بڑھایاجارہاہے۔ تقریب سے پروان نیشنل سنٹر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر وصدر مہناز عزیز اور پرنسپل برجیس زہرہ نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین