• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیام پاکستان کی 70 ویں سالگرہ پر ڈنر، ڈیوک آف ایڈنبرا کی شرکت

لندن (نیوز ڈیسک)ڈیوک آف ایڈنبرا اور پاکستان سوسائٹی کے پیٹرن نے پاکستان کے قیام اور پاک برطانیہ سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے سلسلے میں مینشن ہائوس میں جمعرات کو منعقدہ ڈنر میں شرکت کی۔ ڈیوک آف ایڈنبرا کو بھی پاکستان سوسائٹی کے پیٹرن کی حیثیت سے 63سال ہوگئے ہیں یہ سوسائٹی 1951ء میں قائم ہوئی تھی اور یہ لندن میں واقع ہے۔ سوسائٹی کا مقصد آرٹ، تاریخ، جغرافیہ، اقتصادی زندگی اور پاکستان کے اداروں کے بارے میں برطانیہ کے عوام کی معلومات میں اضافہ کرنا ہے۔ ڈیوک آف ایڈنبرا نے ڈنر میں پاکستان سوسائٹی ایوارڈ 2017ء ڈاکٹر سید بابرعلی اور بی ای کو کنزرویشن حکومت اور برطانیہ پاکستان تعلقات کی خدمات کے اعتراف میں دیا۔ سرنکولس برنگنٹن کے سی ایم جی سی وی او، اعزازی نائب صدر پاکستان سوسائٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر سید بابرعلی کو برطانیہ اور اس سے باہر پاکستان کے بارے میں ہم آہنگی اور پبلک نالج میں اضافے کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ڈنر میں ایچ آر ایچ پرنسس ثروت الحسین آف اردن نے بھی شرکت کی صدر پاکستان ممنون حسین نے پاکستان سوسائٹی کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ 70برسوں کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں اور آج ہماری قریبی پارٹنرشپ ناصرف ہماری مشترکہ تاریخ سے شیئر ہوتی ہے بلکہ یہ ہمارے مستقبل کے مشترکہ امن خوشحالی اور ترقی سے بھی منسلک ہے۔ لارڈ میئر آف لندن آلڈرمین، ڈاکٹر اینڈریو پارسلے جنہوں نے مینشن ہائوس میں میزبانی کا فریضہ انجام دیا کہا کہ پاکستان سوسائٹی کے اس سال کے ڈنر کی میزبانی پر مجھے انتہائی خوشی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط اور خوشگوار تعلقات مستقبل میں بھی برقرار رہیں گے اور ہماری دونوں عظیم اقوام کی گروتھ اورخوشحالی میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فزیکل اینڈ فنانشل انفراسٹرکچر دونوں میں تعاون کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ ہائی کمشنر پاکستان سیدابن عباس نے جو پاکستان سوسائٹی کے اعزازی صدر ہیں نے کہاکہ یہ سال پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کا بھی ہے اور یہ بات میرےلئے انتہائی باعث اطمینان ہے کہ دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات اب سٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ عوام سے عوام کے رابطے میں اضافہ ہورہا ہے۔ کلچرل ایکس چینج بڑھ رہا ہے۔ چیئرمین پاکستان سوسائٹی سرولیم بلیک برن نے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کو خراج تحسین ہے کہ ہمارے دونوں کے تعلقات باہمی تعاون کی بنیاد پر گہرے اور ٹھوس ہیں۔ ڈنر میں ڈیوک آف ایڈنبرا کا خیرمقدم کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔وہ 1953ء سے سوسائٹی کے پیٹرن ہیں اور ہم سوسائٹی کی سرگرمیوں میں ان کی مکمل سپورٹ کو زبردست انداز میں سراہتے ہیں۔
تازہ ترین