• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش پاکستانی سماجی خدمات کیلئے یونس خان سے معاونت کریں، اقبال لطیف

لندن (رپورٹ مرتضیٰ علی شاہ /جنگ نیوز) ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت اقبال لطیف نے برٹش پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی خدمت سے سرشار پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر یونس خان کی جانب سے سماجی خدمات کی کوششوں میں ان کا ساتھ دیں،یونس خان کے اعزاز میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نےکہا کہ پاکستان کے ممتاز کرکٹر یونس خان نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں10ہزار رنز بنانے کا شاندار کارنامہ انجام دیا ہے وہ نوجوان کرکٹرز کے لئے رول ماڈل ہیں۔ اقبال لطیف نے کہا کہ یونس خان ریٹائرمنٹ کے بعد انسانیت کی خدمت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ جو بھی فلاحی کام کریں گے اوورسیز پاکستانی ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے، ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی چاہئے کہ وہ یونس خان جیسے سینئر کھلاڑیوں کی خدمات سے مستفید ہو۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان اپنے طویل کیریئر کے دوران کبھی کسی سکینڈل میں ملوث نہیں ہوئے انہوں نے ہمیشہ نئے آنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ وہ بیٹنگ کے دوران کبھی دبائو میں نظر نہیں آتے تھے اور ہر طرح کے حالات میں مسکراتے رہتے تھے، وہ ایک شاندار کھلاڑی کے طور پر ہمیشہ ہماری یادوں میں زندہ رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ میں نے بہت سے کھلاڑیوں سے ملاقاتیں کی ہیں لیکن یونس خان جیسا منکسرالمزاج کھلاڑی آج تک نہیں دیکھا۔وہ ایک غیر معمولی انسان ہیں جن کا دل وطن کی محبت سے سرشار ہے اور پاکستان کامفاد ہمیشہ انھیں ہر چیز پر مقدم رہاہے،اور اس حوالے سے انھوں کبھی کسی صلے وستائش کی آرزو نہیں کی، انھوں نے کہا کہ یونس خان کے مستقبل کے منصوبوںاور کھیلوں اور تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ان کے ساتھ تعاون کیاجائے گا کیونکہ پاکستان کی حکومت ان شعبوں میں سرمایہ کاری نہیں کررہی ہے،انھوں نے کہا کہ یونس خان کسی ایک یا دو شعبوں تک خود کو محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ وہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حوالے سے وسیع تر سوچ رکھتے ہیں،یونس خان نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی بقیہ زندگی پاکستان کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے میں گزارنا چاہتے ہیں،اس کی پاکستان میں بڑی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ میں صرف کسی ایک مخصوص شعبے تک محدود نہیں رکھنا چاہتا میںجہاںتک ممکن ہو ہر جگہ پہنچ کر ہر ایک کی مدد کرنا چاہتاہوں، ہم پاکستان کوبانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے تصور کے مطابق بنانا چاہتے ہیں، اور یہی نیا پاکستان ہوگا، یونس خاں نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ وہ 10ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیلنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی اچھے کھلاڑی پیداکئے ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ یونس خان جیسے ہزاروں لوگ پیدا ہوں اور پاکستان کا سرفخر سے بلند کریں، انھوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا ان کاکوئی ارادہ نہیں ہے۔
تازہ ترین