• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم:جنرل سیکریٹری رابطہ عالم اسلامی کا جامع مسجد علی کا دورہ

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) سعودی عرب کے سابق وزیرعدل اور جنرل سیکرٹری رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ برمنگھم کے دورے میں جامع مسجد علیؓاہل سنت و الجماعت پہنچے تو چیئرمین و بانی مسجد علیؓ و جنرل سیکرٹری جمعیت علماء برطانیہ مولانا قاری تصورالحق مدنی نے مولانا ارشد محمود، مولانا عمران الحق، حافظ عدیل تصورایڈووکیٹ، حاجی چوہدری محمد مسکین اور حافظ محمد قاسم مسکین و دیگر کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ نے رابطہ عالم اسلامی لندن کے سربراہ ڈاکٹر مخدوم، چیئرمین مسجد مولانا قاری تصورالحق مدنی اور مقامی و سعودی مہمانوں کے ہمراہ مسجد کا مکمل دورہ کیا اور اپنے اعزاز میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسجد کی خوبصورت تعمیر سے دلی خوشی ہوئی اور کہا کہ مسجد برطانیہ سمیت مغربی ممالک میں اشاعت اسلام کا موثرترین ذریعہ ثابت ہوگی۔ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی غیرمسلموں میں مضبوطی سے کام کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹر العیسیی نے کہا کہ اسلام کی جو تصویر دنیا کے سامنے پیش کی جارہی ہے، اس منفی تصویر کو صحیح طور پر پیش کرنے کی ضرورت ہے، اسلام کے نام پر جو افراد دہشت گردی کرنے کے مرتکب ہورہے، وہ ان کا ذاتی فعل ہے، مسلمانوں کا اور اسلام کا قعطاً یہ موقف نہیں۔قبل ازیں مولانا قاری تصورالحق مدنی نے مہمان خصوصی کویقین دلایا کہ مسلمان حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ان کے ساتھ ہیں۔ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ کے اعزاز میں پرتکلف استقبالیہ بھی دیا گیا ، اس موقع پر مفتی محمد اسلم، مولانا عبدالہادی العمری، مولانا عبدالعزیز، مولانا محمد خورشید، لالہ اشفاق، مولانا حبیب اور سابق سیکرٹری جمعیت اہل حدیث مولانا شعیب میرپوری بھی موجود تھے۔
تازہ ترین