• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علماو مشائخ کنونشن پاکستان کی آئندہ سیاست کا رخ متعین کر دے گا،دلیر بادشاہ

بلیک برن (مظہر اقبال چوہدری ) پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے علماء مشائخ ونگ کے صدر پیر دلیر بادشاہ بخاری نے کہا ہے کہ23مئی کو مسلم لیگ ن کے زیراہتمام الحمرا ہال لاہور میں ہونے والا علماو مشائخ کنونشن پاکستان کی آئندہ کی سیاست کا رخ متعین کر دے گا۔کیپٹن محمد صفدر کی زیر صدارت ہونے والے اس کنونشن کے مہمان خصوصی حمزہ شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف ہو ں گے۔انھوں نے کہا کہ اس کنونشن میں پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی وفود شرکت کریں گے ۔پاکستان مسلم لیگ ن وطن عزیز کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے قائدین کی اسلام ، پاکستان اور سب سے بڑھ کر آقائے دوجہان محمد ﷺ سے محبت اور کمٹمنٹ روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔ پاکستان کے علماء اور مشائخ پاکستان کے اسلامی تشخص اوراس کے قیام کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لئےایک ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں اور علماء کرام ہی عوام میں دینی لگائو اور اخوت و بھائی چارے کی فضا قائم کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج جب ملک میں دشمنان اسلام کی سازشیں ہو رہی ہیں اوروہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی بہتری میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں ،اس نازک وقت پر مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ہونے والا علماء و مشائخ کنونشن ایک بروقت اقدام ہے۔مسلم لیگ ن برطانیہ اور علماء و مشائخ ونگ کے اراکین اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔
تازہ ترین