• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، طالبان کے حملوں میں11پولیس اہلکار ہلاک

کابل (جنگ نیوز) افغانستان کے صوبوں ننگر ہار اور کاپیسا میں طالبان کے حملوں میں 11 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ لغمان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 11افراد جاں بحق ہوگئے ۔  ننگر ہار صوبے کے ایک پولیس افسر عبدالوہاب نے بتایا کہ جمعہ کی علی الصبح ایک پولیس اہلکار  نے اپنے 5 ساتھیوں کو اس وقت ہلاک کردیا جب وہ سو رہے تھے ۔ ملزم واردات کے بعد اپنے ساتھیوں کا اسلحہ لے کر فرار ہو گیا اور طالبان سے جاملا۔دوسری جانب کاپیسا میں طالبان جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ میں افغان پولیس کے6اہلکار ہلاک ہوگئے ، افغان حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے،  کاپیسا میں ہلاک ہونے والے6 میں سے پانچ کا تعلق اسپیشل پولیس سے بتایا گیا ہے، افغان حکام نے دعویٰ کیا کہ طالبان سے ہونے والی جھڑپ میں 25طالبان جنگجوبھی مارے گئے۔ طالبان نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ ادھر افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندادن کے 11افراد جاں بحق ہوگے ، افغانستان کے صوبے لغمان کے ضلع محمد آغا میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، ہلاک شدگان میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں، ان کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک شادی کی تقریب میں جارہے تھے، اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے، لوگر صوبے کے گورنر محمد حلیم فدائی نے بتایا کہ گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے جارہی تھی، ہلاک شدگان میں 5 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، صوبائی حکام نے اس حملے کا الزام طالبان پر عائد کردیا ہے، دھماکے سے کئی شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔تاحال طالبان کی جانب سے اس حملے پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے صوبہ بغلان کے ضلع پل خمری کے ڈنڈ شہاب الدین کے علاقے بابانظر کے میں افغان فوجیوں پر حملہ کرکے 9اہلکاروں کو ہلاک کردیا ، طالبان نے علاقے میں دو چوکیاں فتح کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے ، طالبان کے مطابق انہوں نے بھاری اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ہے ۔ 
تازہ ترین