• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شام، حکومتی افواج پر امریکی اتحاد کے طیاروں کا حملہ، متعدد ہلاک

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی اتحادی طیاروں نے شام میں حکومتی افواج پر بمباری کی ہے ، یہ فضائی حملے شام، اردن اور عراق کی سرحدکے قریب کئے گئے ہیں ،مقامی میڈیا نے بتایا کہ فضائی حملے سے کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے اور بہت سے گاڑیاں تباہ ہوئیں،شام اور روس نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے ،  امریکی محکمہ دفاع سے متعلق ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب ایک مقامی کمانڈر نے بتایا کہ شامی حکومت کی حامی فورسز سرحدی گذرگاہ التنف کے قریب واقع ایک غیر فوجی علاقے میں کارروائی کر رہی ہیں جس سے ان کے جنگجوئوںکے لئے خطرہ پیدا ہوگیا ہے، انہوں نے بتایا کہ اتحادی فورسز نے شامی فورسز کو غیر فوجی علاقے سے نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے طاقت کا مظاہرہ کیا اور انہیں باز رکھنے کے لیے گولیاں چلائیں۔تاہم جب مقامی کمانڈر نے یہ محسوس کیا کہ شام کی حکومت نواز فورسز کی پیش قدمی جاری ہے تو پھر انہوں نے فضائی مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب شام اور روس نے شام میں عالمی اتحاد کی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے " ناقابلِ قبول" اور شام کی خود مختاری کے خلاف قرار دیا ہے۔روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خارجہ امور کے نائب وزیر گینادی گیتلوف نے جمعے کے روز کہا کہ " شام میں جارحیت میں اضافہ کرنے والی کوئی بھی عسکری کارروائی سیاسی عمل پر اثرا نداز ہوگی۔ بالخصوص جب کہ یہ کارروائی شام کی مسلح افواج کے خلاف ہو"۔
تازہ ترین