• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے عوام کو لٹیروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑینگے‘پیرپگارا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگارا نے کہا ہے کہ فنکشنل لیگ فیڈریشن کی بقا ء اور استحکام کے لئے ہرممکن کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے،سندھ کے عوام کو لٹیروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے‘ پیپلز پارٹی کی کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث سندھ اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے جس پر پاکستان اور سندھ کے مفاد ات کے تحفظ کے لئے ہم خاموش تماشائی نہیں بنے رہیں گے بلکہ ہر سطح پر کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو اپنی قیام گاہ راجہ ہائوس میں ہم خیال سیاسی رہنمائوں کے ایک مشاورتی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس سیاسی بیٹھک میں سندھ کے دوسابق وزرائے اعلیٰ سید غوث علی شاہ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم،سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، ایاز لطیف پلیجو، اعجاز شیرازی،صدر الدین راشدی، پیر زادہ یاسر سائیں،شہر یار مہر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سندھ حکومت کی بیڈ گورننس کے خلاف صوبے بھر میں عوام کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی طے کیا گیا کہ سندھ حکومت کی کرپشن کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا ۔
تازہ ترین