• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا رواج بل مسترد، فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے حامی ہیں، زرداری

اسلام آباد (ایجنسیاں) سابق صدر آصف علی زرداری نے فاٹا حقوق کی ہر تحریک میں قبائلیوں کا ساتھ دینے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے حامی ہیں ‘حکومت کا رواج بل مسترد کرتے ہیں‘قبائلی ارکان نے اسلام آبادمیں دھرنادیاتو بھرپورساتھ دینگے اوراگریہ دھرناماہ رمضان میں ہواتو افطاری میری طرف سے ہوگی۔تفصیلات کے مطابق فاٹا کے ارکان پارلیمنٹ حاجی شاہ جی گل آفریدی اور ساجد طوری سمیت دیگر ارکان نے سابق صدر آصف علی زرداری سے جمعہ کو اسلام آبادمیں ملاقات کی‘اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ کسی گورنرراج یا پرمٹ راج کو نہیں مانتے ، فاٹا کے حقوق کیلئے قبائلیوں نے دھرنا دیا تو ساتھ دیں گے‘قبائلی عوام کیلئے پارلیمنٹ کے اندراورباہر آواز اٹھائیں گے ، اگر قبائلیوں نے دھرنا رمضان المبارک میں دیا تو شرکاء کو افطاری میری طرف سے کرائی جائے گی۔شاہ جی گل آفریدی نے حکومت کی جانب سے فاٹااصلاحات پیکیج سے پیچھے ہٹ جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب فاٹا کے پارلیمنٹرینز احتجاجی مظاہرہ کرنے اور فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے کے لئے حکمت عملی بنانے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر کو اس کوشش میں شریک ہونے کی دعوت دی۔ زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی فاٹا کے عوامی نمائندوں کی جانب سے فاٹا اصلاحات کے لئے کی جانے والی ہر کوشش میں ان کے ساتھ رہے گی۔
تازہ ترین