• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)منگھو پیر میں گیس پائپ لائن اڑانے کے الزام میں کالعدم قوم پرست جماعت کے دو کارندے حراست میں لے لئے گئے، دونوں ملزمان سکیورٹی فورسز پر حملے اور بلوچستان میں گیس لائن اڑانے میں بھی ملوث ہیں،تفصیلات کے مطابق منگھوپیر میں گیس لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کے حوالے سے تحقیقات کے دوران سی ٹی ڈی نے حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان ایاز بروہی اور محمد خان کو حراست میں لے لیا، دونوں بلوچستان کے رہنے والے اور انکا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی سے ہے ، ملزمان سوئی کے مقام پر گیس لائن اڑانے کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے علاوہ  بلدیہ ٹاؤن، منگھوپیر اور اطراف کے علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث ہیں،جبکہ ملزم ایاز کوئٹہ میں فرنٹیر کانسٹیبلری کے ساتھ مقابلے میں گولی لگنے سے زخمی بھی ہوا تھا، ملزمان کا نیٹ ورک لیاری میں بھی  ہے ، ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیرا ریزم ڈپارٹمنٹ عامر فاروق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
تازہ ترین