• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائف سائنسز کے تحقیقی شعبہ میں انقلابی پیش رفت ہوئی ہے‘ ڈاکٹر عابد اظہر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر نے کہا کہ گذشتہ چاردہائیوں سے لائف سائنسز کے تحقیقی شعبہ میں انقلابی پیش رفت ہوئی ہے جن سے نہ صرف لامحدود مواقع میسر آئے بلکہ تحقیق کے نئے پہلو بھی سامنے آئے مگر ان سے کچھ سنگین اخلاقی سوالات نے بھی جنم لیا۔ انسانی صحت کسی بھی معاشرے کا سب سے اہم اثاثہ ہوتی ہے،لہذا اس سے متعلق قومی پالیسیوں اور ہدایات کے مرتب کرنے کے طریقہ کار میں محتاط اور ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانا ضروری ہوتاہے۔انٹرنیشنل کونسل فار لائف سائنسز ایک بین الاقوامی غیر سرکاری ادارہ ہے جس کا مقصد سائنس کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دینا ہے۔ تقریباً ایک دہائی سے اس ضمن میں بھرپور کاوشیں کی جارہی ہیں اور پاکستان کے سائنسی اداروں اور آئی سی ایل ایس کے اشتراک سے کانفرنسز کا انعقاد کیا جارہاہے تاکہ سائنس کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لئے جامع اور ٹھوس سفارشات مرتب کی جائیں۔جامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ اس ضمن میں کلیدی کردار اداکررہاہے اور اس سلسلے کی پانچویں بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کررہاہے۔مذکورہ کاوش کااہم مقصد دنیا کے مختلف ممالک کے سائنسدانوں کے مابین دوستانہ تعلقات اور سائنس کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تین روزہ پانچویں انٹرنیشنل کونسل فارلائف سائنسز کانفرنس بعنوان:  ’’سائنس کا ذمہ دارانہ استعمال :میڈیکل اور فارماسیوٹیکل پریکٹس اور تحقیق میں اخلاقی مسائل ‘‘  کی پری کانفرنس پریس بریفینگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر انور نسیم ،ڈاکٹر محمد افضل اور عبدالحمیدبھی موجودتھے۔ڈاکٹر عابد اظہر نے مزید کہا کہ جس ملک میں تعلیم اور صحت کے لئے جی ڈی پی کا محض ایک یا دوفیصد مختص ہو وہاں کارہائے نمایا انجام دینا مشکل ہے لیکن ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کے زیر اہتمام تین روزہ پانچویں انٹرنیشنل کونسل فارلائف سائنسز کانفرنس بعنوان:  ’’سائنس کا ذمہ دارانہ استعمال :میڈیکل اور فارماسیوٹیکل پریکٹس اور تحقیق میں اخلاقی مسائل ‘‘  20 مئی 2017 ء سے انسٹی ٹیوٹ ہذا میں شروع ہورہی ہے۔کانفرنس کی افتتاحی تقریب بروز ہفتہ 20 مئی کو شام 7:30 بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی سینئر صوبائی وزیر سندھ نثاراحمد کھوڑو ہوں گے ۔مقررین میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان،ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضاصدیقی ،انٹرنیشنل کونسل فارلائف سائنسز امریکہ کے صدر ٹیرنس تھامس ٹیلر ،انٹرنیشنل کونسل فارلائف سائنسزپاکستان کے صدر ڈاکٹر انورنسیم اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہرشامل ہیں۔
تازہ ترین