• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے پہلے غیرملکی دورے کیلئے سعودی عرب کا انتخاب قابل تعریف ہے، نوا زشریف کی ٹرمپ سے گفتگو

ریاض (نیوز ایجنسیز / مانیٹرنگ سیل) وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی صدر ٹرمپ نے اسلامی امریکی سربراہی کانفرنس کے موقع پر مصافحہ کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ نے روایتی انداز میں گرمجوشی سے نواز شریف سے ہاتھ ملایا اور کہا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی جبکہ نواز شریف نے کہا کہ آپکے پہلے غیر ملکی دورے کیلئے سعودی عرب کا انتخاب قابل تعریف ہے ۔ وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور دیگر رہنماؤں ، ملائیشیا اور کرغزستان کے سربراہوں اور امیر قطر سے ملاقاتیں کیں اور عالمی رہنماؤں کو انسداد دہشت گردی کی پاکستانی کاوشوں سے متعلق بریفنگ دی ۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف کی پہلی امریکا عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے شاہ عبدالعزیز کانفرنس سینٹر آمد پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی پہلی اسلامی امریکی سربراہی کانفرنس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نواز شریف سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور کہا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی فرمانر وا، امریکی صدر اور مسلم رہنمائوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان بین المذہب ہم آہنگی اور مکالمے پر یقین رکھتا ہے، پاکستان مسلم امہ کے اتحاد پر پختہ یقین رکھتا ہے، ہم نے دہشتگرد ی کا جرأت اور بہادری سے سامنا کیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے اربوں روپے کا نقصان برداشت کیا ، انسانی جانوں اور مالی نقصان نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا،  مسلح افواج کی بھرپور کارروائیوں کے مطلوبہ نتائج حاصل ہورہے ہیں ، صدر ٹرمپ کا پہلے غیر ملکی دورے کیلئے سعودی عرب کا انتخاب قابل تعریف ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم کی عالمی رہنمائوں کو دہشت گردی کیخلاف کارروائیاں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگرد ی کیخلاف بھاری قیمت چکائی ، صدر ٹرمپ کے دورے کی علامتی حیثیت بہت اہم ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف اتوارکوسعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہونے والی پہلی امریکہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے جب شاہ عبدالعزیز کانفرنس سینٹر پہنچے تو سعودی عرب کے فرمان رواں اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ۔وزیراعظم شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پراجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور خاتون اول بیگم کلثوم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ امریکا عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ 51ممالک شرکت کررہے ہیں جن میں15مختلف عرب واسلامی ممالک کے سربراہان حکومت وریاست شامل ہیں۔ ریاض میں ہونے والی اس کانفرنس کے ذریعے شریک ممالک کو دنیا سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کےلئے مختلف طریقوں پر غور کا موقع ملے گا۔ توقع ہے کہ اس کانفرنس کے ذریعے دہشتگردی کو کسی خاص مذہب، ثقافت، تہذیب یا علاقہ سے جوڑنے کے رجحان کو ختم کیا جا سکے گا۔کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم محمد نواز شریف اسلام کے امن، برداشت اور اتحاد کے پیغام کو اجاگر کریں گے۔ وزیراعظم کانفرنس سے خطاب کے دوران خطے میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی لعنت کو شکست دینے کےلئے پاکستان کی قربانیوں اور ثمرات پر روشنی ڈالیں گے۔ اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم دہشت گردی کیخلاف عالمی مرکز کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے جو انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے سعودی عرب کی حکومت کا اہم قدم ہے۔
تازہ ترین