• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کے پی کے جیسی سونامی سندھ نہ لائیں،لوڈشیڈنگ کیخلاف تحریک چلے گی،خورشیدشاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کی جانب سے بجلی، پانی و گیس کے بحران پر وفاقی حکومت کے خلاف سکھر میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ دھرنے میں موجود خواتین اور جیالے ہاتھوں میں دستی پنکھے اٹھائے مسلم لیگ ن کی حکومت کے خلاف ”گو نوازگو“ کے نعرے بلند کررہے تھے۔ دھرنے میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،صوبائی وزیر منظور حسین وسان ، رکن قومی اسمبلی سیدہ نفیسہ شاہ، رکن قومی اسمبلی نواب خان وسان، سینیٹر اسلام الدین شیخ، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ ، صوبائی وزیر جام مہتاب ڈہر سمیت دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنے سے خطاب میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کی سونامی خیبرپختونخوا میں صرف تباہی ہی لائی ہے ، عمران کے پی کے جیسی سونامی سندھ نہ لائیں، لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک چلے گی۔   لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے نعرے لگاکر آنے والے ناکام ہوگئے ہیں، موجودہ حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا ہے، یہ نہ بجلی دے سکتے ہیں اور نہ ہی دینگے کیونکہ ان کے منصوبے 4سال میں بھی مکمل نہیں ہوئے۔ سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ نواز شریف کے گھر جانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اب ہماری جنگ نواز شریف سے ہے، گو نواز گو کا نعرہ نواز شریف کے خوابوں میں بھی گونجے گا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا، نواز شریف کی خارجہ پالیسی نے ہمیں کسی کے سامنے سر اٹھانے کا نہیں چھوڑا، افغانستان کا صدر پاکستان کے وزیر اعظم سے ہاتھ ملانے سے انکار کرتا ہے، ایران ہم پر گولیاں برساتا ہے اور ہمیں انڈیا کے کلبھوشن کو آزاد کرانے کی فکر ہے، جندال سے خفیہ ملاقات کرکے اپنا الو سیدھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لوگوں کے دلوں میں نواز شریف کے لئے محبت نہیں، ججوں نے فیصلہ دیدیا کہ وہ نااہل ہیں، کرسی پر بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں، ہم پاکستان کو نواز شریف سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ دھرنے میں صوبائی وزیر ایکسائیز مکیش کمار چاولا ، سابق وزیر مملکت میر خالد احمد خان لوند، صوبائی وزیر جام مہتاب ڈہر، سید ناصر حسین شاہ، سینیٹر اسلام الدین شیخ ، ڈاکٹر ارشد مغل سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پانی، بجلی گیس کے بحران کے خلاف اتنا بڑا مجمع نواز شریف کو پیغام دے رہا ہے کہ ابھی تو ابتدا ہے، اگر آپ نے بجلی نہ دی تو ایسا حساب کتاب کرینگے کہ آپ کے یہاں آنے کے راستے بند ہوجائینگے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر صوبائی وزیر منظور وسان نے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2018سے پہلے آپ حکومت میں نہیں ہونگے، جولائی اور اگست آپ پر بہت بھاری ہے، آپ کو پچھتانا پڑے گا۔ دریں اثناء سکھر سوئٹ ہوم میں 30لاکھ روپے عطیہ دیے جانے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ  نوازشریف نے وفاق کو کمزور کردیا ہے۔ چار سال کے دور اقتدار میں ن لیگ نے عوام کو کچھ نہیں دیا، ہماری زراعت تباہ ہوگئی، ہم نے مڈل کلاس ملازمین کی تنخواہوں میں 130فیصد اور پنشن میں 110فیصد اضافہ کیا جبکہ انہوں نے مڈل کلاس ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 35فیصد اضافہ کیا، یہ عوام کو صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کرسکے، پینے کا پانی بھی لوگوں کو دستیاب نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی ن لیگ کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں ، پیپلزپارٹی آج بھی ملک کی سب سے مضبوط جماعت ہے جو اکیلے الیکشن لڑے گی اور پورے ملک میں کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے  نے ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے سوئیٹ ہوم کیلئے 30لاکھ روپے عطیہ دیے جانے پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ اس رقم سے لائبریری تعمیر کی جائیگی۔
تازہ ترین