• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی دھابیجی آمد، سگے بھائی کے ہاتھوں بھتیجے کےقتل پر بھائی سے تعزیت

ٹھٹھہ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی دھابیجی آمد، بھتیجے کےقتل پر بھائی سے تعزیت۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر ثناءُ اللہ زہری نے دھابیجی مارکیٹ کے قریب بھنبھور موڑ پر واقع اپنے بھائی میر علی نواز زہری کے گھر پہنچ کر ان سے ان کے بیٹے اصغر زہری کے انتقال پر عذر خواہی کی، اس موقع پر ان کے بھائی سنیٹر نمعت اللہ زہری، میر دشتی خان جتک، میر ہمایوں خان گبول، شاہجہان زہری و دیگر ان کے ہمراہ موجود تھے، تعزیت کے بعد میر ثناءُ اللہ زہری نے اپنے بھائیوں میر علی نواز اور سنیٹر نعمت اللہ زہری سے تنہائی میں ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ فدا حسین مستوئی سے بھی تنہائی میں ملاقات کرکے بات چیت کی اور بعد ازاں وہ بھتیجے کے انتقال پر لوگوں سے تعزیت وصول کرتے رہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے دھابیجی آمد کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، انہوں نے دھابیجی آمد کے موقع پر صحافیوں سے بات نہیں کی اور بعد ازاں قومی شاہراہ کے ذریعہ کراچی روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر ثناءُ اللہ زہری کے بھائی میر علی نواز زہری کے بڑے بیٹے رسول بخش زہری نے گذشتہ روز ملکیت کے تنازع پر اپنے چھوٹے بھائی اصغر زہری کو دھابیجی میں گھر باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
تازہ ترین