• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا کنٹریکٹ اور روزانہ اجرت کے ملازمین کو ریگولر نہ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (انصار عباسی) حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کا عمل اختیار کیے بغیر کنٹریکٹ ملازمین اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو ریگولر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ایسے ملازمین کو ایک مرتبہ کیلئے چند مراعات کی پیشکش کی ہے تاکہ وہ مستقبل ملازمت کے مقابلے میں حصہ لے سکیں۔ 11؍ مئی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں، محکموں اور کارپوریشنز وغیرہ میں بھرتی کی پالیسی میں کچھ ترامیم کا اعلان کیا ہے جسے وفاقی کابینہ نے منظوری کر لیا ساتھ ہی ان عہدوں پر مقابلے میں حصہ لیے بغیر کنٹریکٹ ملازمین اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو ریگولر کرنے کی تجویز مسترد کرد ی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے عدالتی حکم نامے کے تحت یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا گیا تھا ، اجلاس میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کے عمل پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے ان ملازمین کو مستقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کنٹریکٹ اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو کچھ مراعات دی جائیں گی جن میں عمر کی بالائی حد میں اتنی ہی رعایت دی جائے گی جتنی ان کی مدت ملازمت ہے۔ بھرتی کی پالیسی میں ترمیم کے حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے 11 مئی کو جاری کیے جانے والے آفس میمورنڈم میں ان ترامیم کی وضاحت کی گئی ہے اور ساتھ ہی ان ملازمین کیلئے رعایتیں واضح کی گئی ہیں۔ اس ترمیم کے تحت پالیسی میں پیرا (e) 1 شامل کیا گیا ہے۔ اس آفس میمورنڈم کے مطابق، روزانہ اجرت / کنٹریکٹ / پروجیکٹ / جز وقتی  ملازمین کی مستقبل بنیادوں پر بھرتی کیلئے تمام وزارتوں، ڈویژنوں، ذیلی دفاتر، خود مختار اور نیم خود مختار اداروں، کارپوریشنز، کمپنیوں اور اتھارٹیز کی جانب سے درج ذیل معیار پر عمل کیا جائے گا: (i) یکم جنوری 2017 تک مستقل ایک سال تک خدمات انجام دینے والے روزانہ اجرت / کنٹریکٹ / پروجیکٹ / جز وقتی  ملازمین  (جنہیں اب اہل ملازمین لکھا جائے گا) مستقبل بنیادوں پر بھرتی کیلئے درج ذیل طریقہ کار اختیار کریں گے بشرطیکہ ملازمت کے تسلسل کی شرط ایسے افراد پر لاگو نہیں ہوگی جنہوں نے روزانہ اجرت کی بنیاد پر کم از کم 365؍ دن کی ملازمت مکمل کی ہے۔ (ii) ابتدائی طور پر گریڈ 16 یا اس سے زیادہ کے گریڈ پر بھرتی کیلئے، ملازمین کو دستیاب متعلقہ / موزوں اسامیوں پر براہِ راست فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں درخواست دینا ہوگی۔ (iii) گریڈ ایک سے گریڈ 15 تک کی بھرتیوں کیلئے اہل ملازمین اس ڈویژن کے آفس میمورنڈم نمبر 53/1/2008-SP مورخہ 16 جنوری 2015 اور 3 مارچ 2015 میں وضع کردہ معیار کے مطابق درخواست دینا ہوگی۔ (iv) بھرتی کے حوالے سے متعلقہ حکام کی سفارش پر اہل ملازمین کو ملازمت کے ہر سال کے عوض انٹرویو میں کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ پانچ نمبر دیئے جائیں گے۔ (v) عمر کی بالائی حد کے تعین اور ساتھ ہی موجودہ قوائد کے مطابق عمر کی بالائی حد میں رعایت دینے کی خاطر  روزانہ اجرت / کنٹریکٹ / پروجیکٹ / جز وقتی  ملازمین کی مدت ملازمت کا عرصہ خارج کیا جائے گا۔ (vi) کسی بھی اسامی کیلئے مقرر کردہ تعلیمی معیار پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اگر درخواست گزار کے پاس اس اسامی کی مطلوبہ تعلیمی قابلیت / تجربہ نہ ہوا جس پر وہ درخواست دے رہا ہے، تو ایسی صورت میں اس کی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔ (vii) اہل امیدوار کیلئے ضروری ہے کہ اس کی ذہنی اور جسمانی صحت اچھی ہو اور وہ کسی بھی ایسی جسمانی معذوری میں مبتلا نہ ہو جس کی وجہ سے اسے فرائض کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اس کی بجائے وہ معذور کوٹے پر درخواست دے۔ (viii) پیرا نمبر (e) 1 میں وضع کردہ رعایت صرف ایک مرتبہ روزانہ اجرت / کنٹریکٹ / پروجیکٹ / جز وقتی  ملازمین  کو دی جائے گی تاکہ وہ مستقل ملازمت کیلئے اہل ہو سکیں۔
تازہ ترین