• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج بھی کہتے ہیں حکومت چلنی چاہئے،چند چہرے بدلنے سے فرق نہیں پڑتا، خورشیدشاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کا کہنا ہے کہ آج بھی کہتے ہیں موجودہ حکومت چلنی چاہیے، چند چہرے بدلنے سے فرق نہیں پڑتا لیکن نواز شریف اقتدار کی کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں، شخصیات سے ہٹ کر فیصلے کریں گے تو مثبت چیزیں سامنے آئیں گی۔  انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے حکومت اپنے 5 سال پورے کرے اسی لئے ہم پاناما کیس میں بھی حکومت کے خلاف سپریم کورٹ نہیں گئے ہم چاہتے تھے کہ تمام مسئلے پارلیمنٹ کے اندر حل کئے جائیں چاہے اس کے لئے آئین میں تبدیلی کرنی پڑے اور اختیارات پارلیمنٹ کے سپرد کئے جائیں لیکن عدالت میں کیس نہ لے جایا جائے لیکن ہماری توقعات کے برعکس حکومت نے اپنی داڑھی خود دوسروں کے ہاتھ میں دے دی اور پھر جو بھی ہوا وہ اچھا ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی)میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے بھی خطاب کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف جب بھی کسی ادارے کے چنگل میں پھنسے تو وہ بہترین کالا سوٹ اور لال ٹائی پہن کر عدالتوں میں چلے جاتے ہیں لیکن اقتدار کی کرسی کو چھوڑنے کیلئے تیار نہیں، ہم کالا سوٹ پہن کر کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے ہم ہرسازش کے خلاف میدان میں کھڑے رہے اور اسی وجہ سے موجودہ حکومت نے اپنے اقتدار کے چار سال پورے کئے۔ انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لڑائیوں کو پس پشت ڈال کر پاکستان پر بھی دھیان دیں ہمارا ملک اس نہج پر پہنچ چکا ہے جہاں سے اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں بچا ۔ ایک رہنما خود کو شیر اور دوسرا خود کو سونامی کہتا ہے پتہ نہیں یہ کون سی تباہی لے کر آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آبادی کا بم ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی میں پانی کی قلت کا مسئلہ بڑا سنگین ہوتا جارہا ہے ،شہر میں پانی صاف کرنے کے لیے فلٹر پلانٹ لگنے چاہئیں ۔
تازہ ترین