• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ایک بار پھر بریک ڈائون ، کئی علاقے بجلی سے محروم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پیر کو ایک بار پھر شہرکا بڑا علاقہ بجلی سے محروم رہا، دن اور رات میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا شہر کے متعدد علاقے رات گئے بجلی سے محروم تھے، کے الیکٹرک کے مطابق نیشنل گرڈ سے کراچی کو ملنے والی بجلی میں5 سو میگاواٹ کی کمی ہوگئی جس کے باعث شہر میں ہونے والی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا۔ کے الیکٹرک کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا سلسلہ آئندہ مزید ایک دو روز جاری رہ سکتا ہے۔ پیر کو بجلی میں آنے والا تعطل رواں ماہ کا چوتھا بڑا بریک ڈائون تھا جس نے لوگوں کے کاروبار زندگی کو بری طرح متاثر کیا، حبس اور گرمی میں بجلی نہ ہونے سے شہری پریشان رہے، اسپتالوں میں مریضوں کو دشواریوں کا سامنا رہا جب کہ پانی کے حصول میں بھی لوگوں کو مشکلات رہیں۔ کراچی میں گرمی آتے ہی بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے جس پر کے الیکٹرک قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ دریں اثناء کے الیکٹرک کی ترجمان سعدیہ دادا سے موقف جاننے کے لئے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
تازہ ترین