• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کی زمینی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع کیا جائے گا، آرمی چیف کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس

 اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس ہوا جس میں اس بات کے عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک زمینی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع کیا جائے گا۔ کراچی اور پنجاب میں مکمل استحکام تک آپریشن جاری رہے گا، سی پیک کی سیکورٹی پر بھی غور کیا گیا۔  آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔ فوج کے تمام جنرل آفیسرز نے کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکاء کو جیو اسٹریٹجک ماحول، آپریشن ردالفساد پر پیشرفت، روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اور قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے فاٹا کی صورتحال، پاک افغان سرحد کی بہتر مینجمنٹ کیلئے حالیہ اقدامات، فاٹا اصلا حا ت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اصلاحات کو فاٹا کے عوام کی امنگوں کے مطابق یقینی بنانا ضروری ہے۔ بلوچستان میں بہتر ہوتی ہوئی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے بلوچستان کے عوام کی حمایت سے صوبے کے استحکام اور ترقی کیلئے بامقصد تعاون جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔ اجلاس کے دوران سی پیک پرپیشرفت اورسی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے امور زیر غور لائے گئے اوراس بات پر زور دیا گیاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ماحول کو مزید محفوظ بنانے پرتوجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ اجلاس کے دوران کراچی آپریشن ،پنجاب اور دیگرعلاقوں میں آپریشن پائیدار استحکام کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کا اظہا ر کیاگیا۔کانفرنس کے شرکاء نے فوج کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پرمکمل اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے عزم کااعادہ کیا۔  آرمی چیف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزقانون نافذ کرنیوالے اداروں اور قوم کی ان گنت قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہونیوالے ماحول کو مزیدمستحکم کیاجائے گا تاکہ پاکستان میں صورتحال معمول کے مطابق لائی جاسکے۔ آرمی چیف نے مشرقی اور مغربی سرحدوں کے اگلے مورچوں کے اپنے حالیہ دوروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں خاص طورپرحالیہ سیزفائر کی خلاف ورزیوں کے بعد تعینات فوجیوں کے جذبے کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ پڑوسیوں کے ساتھ ہماری پائیدار امن کی خواہش کے باوجود سرحدوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیاجائے گا۔
تازہ ترین