• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے آئی ٹی میں اسٹیٹ بینک اور سیکورٹی کمیشن کے نمائندے تبدیل کئے جائیں، حسین نواز کی سپریم کورٹ میں درخواست

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی جانب سے پاناما پیپرز لیکس کیس میں جے آئی ٹی کے دو ممبران عامر عزیز اور بلال رسول پر اعتراضات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دا ئر کر دی گئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے منگل کے روز جے آئی ٹی میں شامل اسٹیٹ بینک اور سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے نمائندوں پر تحفظات کا اظہار کر تے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ جے آئی ٹی کے ان دونوں اراکین کے سیاسی روابط ہیں، اس لئے انہیں تبدیل کیا جائے،ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین نواز کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مو قف اپنایا گیا ہے کہ ان اراکین کے سابق صدر پرویز مشرف اور تحریک انصاف سے تعلقات ہیں، اس لئے ہماری اس درخواست کو خصوصی بینچ کے سامنے سماعت کیلئےمقرر کیا جائے اور ان دو ممبران کی جگہ اسٹیٹ بنک اور سکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے نئے نمائندوں کو جے آئی ٹی میں شا مل کیا جائے ۔دریں اثنا شریف خاندان کے فرد طارق شفیع نےجے آئی ٹی کی جانب سے پوچھ گچھ کے دوران مبینہ سختی برتنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے شریف فیملی کے اثاثوں سے متعلق محمد طارق شفیع سے کئی گھنٹے پوچھ گچھ کی اور بعض سوالات کے جوابات نہ ملنے اور عدم تعاون پر ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا۔طارق شفیع نے جے آئی ٹی کی سختی اور بدسلوکی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کوئی عادی مجرم نہیں اور نہ ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ ہے ،اس لئے استدعا ہے کہ جے آئی ٹی کو ان کی تذلیل کرنےسے روکا جائے ۔
تازہ ترین