• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا قومی مفادات واقدار کے تحفظ کیلئے کردار اداکرے،چیئرمین نیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے، میڈیا کو قومی مفادات کے استحکام اور سماجی و مذہبی اقدار کے تحفظ کے لئے اپنی مؤثر قوت کو استعمال کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر میں پی بی اے کے چیئرمین میاں عامر محمودکی سربراہی میں سلطان لاکھانی ، میر ابراہیم رحمٰن اور شکیل مسعود حسین پر مشتمل  اعلیٰ عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران قومی سلامتی کے مفادات کے تحفظ کے حوالے سے میڈیا کے کردار ، قومی اہمیت کے امور اور ایگزیکٹ کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین نیب نے میڈیا ہائوسز کے سربراہوں سے کہا کہ وہ قومی مفادات کو مستحکم کرنے کے لئے سماجی اور مذہبی مفادات کے تحفظ کے لئے میڈیا کی بھرپور طاقت استعمال کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے آپ کو بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف دفاعی دیوار کے طور پر کام کریں۔ وفد نے ایگزیکٹ سکینڈل پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کچھ میڈیا چینلز کو بیرون ملک سے مشکوک، ٹیکس کے بغیر اور غیر مصدقہ فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں جس پر چیئرمین نیب نے کہاکہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی اور ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی چیز پر سمجھوتا نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شفاف اور کھلے انداز میں آزاد میڈیا کی ترقی وخوشحالی یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔
تازہ ترین