• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجم سیٹھی کو بورڈ کاچیئر مین بنایا جائے،پی سی بی اجلاس میں قرارداد منظور

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے چیئر مین نجم سیٹھی کوبورڈ کا چیئرمین منتخب کرنے کے لئے قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی ہے۔جبکہ ایک اور قرار داد میں چیئر مین کی حیثیت سے شہریار خان کی خدمات کو سراہا گیا۔اراکین نے کھڑے ہوکر شہریار خان کے حق میں تالیاں بجائیں۔شہریار خان کےتین سالہ عہدے کی معیاد سولہ اگست کو ختم ہورہی ہے۔جمعرات کو پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہریار خان کی مدت بطورچیئرمین اگست میں ختم ہورہی ہےلہٰذا ان کی مدت ختم ہونے کے بعد نجم سیٹھی کو چیئرمین منتخب کیا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب انعقاد پر نجم سیٹھی کو ایوارڈ دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔نجم سیٹھی کی خدمات پرانہیں پرائڈ آف پرفارمنس دینے کی بھی قرارداد بھی منظورکی گئی۔سالانہ میٹنگ میں ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسرسبحان احمد کے علاوہ پاکستان کے تمام ریجنزاورڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ آڈٹ رپورٹ، قومی سینئر، جونیئر اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کیلیے فیوچر ٹور پروگرام بھی پیش کئے گئے جبکہ ایسوسی ایشن کے الحاق کی درخواستوں پر بھی غور کیا گیا۔انہوں نے مصباح،یونس اور آفریدی کو ایوارڈ دینے کی تقریب ملتوی کر نے کا اعلان کر دیا ،ان کا کہنا ہے کہ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے برطانیہ میں ہے،تمام کھلاڑیوں کی موجودگی میں لیجنڈز کو اعزاز دیں گے۔چیئر مین شہریار خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میںپی سی بی نے کارکردگی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عبدالحفیظ کاردار اور فضل محمود کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد اور ملک میں کرکٹ اکیڈمیز کو شروع کرنے بورڈ کے اقدامات کی تعریف کی گئی۔
تازہ ترین