• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ عوام دوست ہے، حکومت، مایوس کن ہے، اپوزیشن

اسلام آباد(ایجنسیاں)حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو عوام دوست اورمتوازن جبکہ اپوزیشن نے مایوس کن قراردیاہے۔سرتاج عزیز‘احسن اقبال ‘ عابد شیرعلی ‘طلال چوہدری ودیگرکا کہناہے کہ بجٹ سے ہر خاص وعام کو ریلیف ملے گاجبکہ بلاول بھٹو‘سراج الحق ‘ اعجاز چوہدری‘خورشیدشاہ ودیگرنے کہاہے کہ بجٹ میں  عوام کوخواب بھی نہیں دکھائے گئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر منصوبہ ہے‘بجٹ پاکستان کو گروتھ کی جانب لے جائے گا۔رکن قومی اسمبلی و رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری کے مطابق حکومت نے عوام دوست اور متوازن بجٹ دیا ہے۔ جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے درست اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے ،ْ ایوان میں بحث ہونی ہے‘وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام دوست متوازن بجٹ پیش کردیا ہے جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے‘سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت نےعوام دوست اور ترقی پر مبنی بجٹ پیش کیا ہے ، بجٹ سےہر خاص و عام کو ریلیف ملے گا‘مسلم لیگ(ن) کے سینٹر نہال ہاشمی کاکہنا ہے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا‘پیپلز پارٹی کے سینٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا لکھا ہوا سزائے موت کا حکم قرار دیا جس کو سمدھی صرف پڑھ کر سنارہےہیں‘تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجازاحمد چوہدری نے بجٹ پر اپنے درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ فراڈ بجٹ ہے پی ٹی آئی اس کو مستر د کرتی ہے ،بجٹ صرف الفاظ کا ہیر پھیر ہے جس سے عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ق) کے سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے نئے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ تمام طبقوں کو مسلسل تکلیف دے رہی ہے‘امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وفاقی بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکومت اپنے آخری بجٹ میں بھی عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی‘پیپلزپارٹی کے چیئرمینبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو خواب بھی نہیں دکھائے گئے، پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسیدخورشیدشاہ نے بجٹ کومستردکرتے ہوئے کہاکہ بجٹ امیروں اورسرمایہ کاروں کیلئے ہے ،غریبوں کیلئے کچھ نہیں رکھاگیا۔پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما وسابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے نئے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ سرکاری ملازمین کےلئے مذاق ہے ، چار سال میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی تو چھ ماہ میں کیسے ہو جائے گی‘ اس بجٹ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا ۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے وفاقی بجٹ پر اپنے ردّ عمل میں کہا کہ اشرافیہ کا پانچواں بجٹ کشکول کو’’ دیگ ‘‘میں بدل دے گا،وزیر خزانہ ہوائی قلعے تعمیر کرنے کی شہرت رکھتے ہیں ان کے اعداد وشمار کو چیک کرنے کی ضرورت ہے، کسان دوست حکمرانوں نے بجٹ کے اعلان سے قبل کسانوں کو ’’پھینٹی‘‘لگائی۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بجٹ مستردکرتے ہوئے سیلز ٹیکس کی شرح کو 16فیصد سے کم کر کے 9فیصد کرنے ، پیٹرولیم لیوی سمیت دیگر ٹیکسز ختم کرنے اور چھوٹے کسانوں کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔فاروق ستارکا کہناتھاکہ بجٹ میں بھی غریب سے دشمنی کی گئی ہے اورا سٹیٹس کو قائم رکھا گیا ہے ۔ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندا ہے۔
تازہ ترین