• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سچن ٹنڈولکر، باہو بلی 2 کا سحر توڑنے میں کامیاب ہوگئے

ممبئی(ایجنسیاں) دنیائے کرکٹ کے مایاناز کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کی زندگی پر بننے والی فلم سچن: اے بلین ڈریمز ریلیز کے پہلے روز باہو بلی 2 سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ تو نہ توڑ سکی لیکن باہو بلی کا سحر توڑنے میں ضرور کامیاب ہو گئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سچن ٹنڈولکر کو بھارت میں ایک ممتاز مقام حاصل ہے اور ملک بھر میں ان کے کروڑوں مداح ہیں، سچن ٹنڈولکر نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم سچن: اے بلین ڈریمز میں خود مرکزی کردار ادا کیا جب کہ فلم کو بیک وقت چار زبانوں ہندی، مراٹھی، تیلگو اور انگلش میں ریلیز کیا گیا جس کی وجہ سے فلم نے ریلیز کے پہلے ہی روز 8 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم باہو بلی 2 کے سحر سے لوگ اب تک نہیں نکل سکے تھے لیکن سچن: اے بلین ڈریمز باہو بلی 2 کا سحر توڑنے میں کامیاب ہو گئی ہے اور فلم کو بھارت میں بڑے پیمانے پر پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکیو ڈرامہ سچن: اے بلین ڈریمز نے ریلیز کے پہلے دن 8 کروڑ 40 لاکھ کا متاثر کن بزنس کیا۔ سچن ٹنڈولکر کی بڑی فالوور شپ کی وجہ سے فلم کو پورے بھارت میں تقریبا 2400 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا اور ورکنگ ڈے ہونے کے باوجود فلم کو لوگوں کی جانب سے بہت اچھا ردعمل موصول ہوا۔واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر کی زندگی پر بننے والی فلم میں نہ صرف سابق بھارتی کرکٹر کی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھایا گیا ہے بلکہ ان کے بچپن سے لے کر کیرئیر کے اختتام تک ہر چیز کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس سے شائقین کو ان کی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملے گا۔ سچن ٹنڈولکر پہلی بھارتی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم میں خود مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
تازہ ترین