• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک :دنیا بھر میں ماہ رمضان کی تیاریاں عروج پر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی رحمتیں، برکتیں اور رونقیں ایسی ہیں کہ سارا سال اس مبارک مہینے کا انتظار ہر مسلمان کو رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھرکے بازاروں میں ماہ رمضان کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں اور لوگ بڑی تعداد میں رمضان کی تیاری کے حوالے سے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جہاں کئی لوگ اپنے گھروں کو سجانے کے لئے مختلف اشیاء خرید رہے ہیں وہیں سحری اور افطاری کے لئے بھی کھانے پینے کی اشیاء کے لئے رمضان بازار سجادئیے گئے ہیں۔دنیا بھر میں مسلمان کسی اسلامی ملک میں رہتے ہوں یا کسی غیر اسلامی ملک لیکن اپنے اپنے انداز میں رمضان المبارک کا استقبال کرتے ہیں ۔ ماہ صیام کی آمد سے پہلے ہی فلسطین کے مختلف شہروں بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس میں ایک نئی رونق اور چہل پہل شروع ہوجاتی ہے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محلوں، گلیوں، گھروں اور مساجد کی صفائی میں جْت جاتے ہیں جبکہ انڈوینشیا کے کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں کی روایت ہے کہ رمضان المبارک چاند نظر آتے ہی لوگ روحانی غسل کرتے ہیں اور اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ اس طرح وہ اس ماہ خود کو گناہوں سے پاک کر لیں گے۔ترکی جسے مساجد کا ملک کہا جاتا ہے وہاں رمضان کے چاند نظر آنے کے ساتھ ہی مسجدوں کو جلتے بجھتے قمقموں سے اس طرح سے سجادیا جاتا ہے کہ مینار زیادہ واضح نظر آئیں جبکہ دوسری جانب بھارت کے مسلم آبادی والے شہر حیدرآباد میں لوگ رمضان کی آمد کے موقع پر پہلے جمعہ کو اونٹ کا صدقہ کرتے ہیں۔مصر میں رمضان کا استقبال لالٹین جلا کر کرتے ہیں جب کہ افطار کے موقع پرتوپ کے گولے چلا کر افطاری کا اعلان کیا جاتا ہے۔اکثر ممالک جن میں سعودی عرب، بحرین، سوڈان، شام، مصر اور ترکی میں سحری کے اختتام اور افطاری کا اعلان توپ کے گولے چلا کر کیا جاتا ہے یہ توپ گولے نہیں پھینکتی بلکہ اس سے صرف آواز پیدا ہوتی جو روزے کے کھلنے اور بند ہونے کا اعلان ہوتا ہے۔
تازہ ترین