• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلمی صنعت کی بہتری کا سفر جاری ہے ،خرم سعید

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) فلمی صنعت اور ٹریڈمیں اب کام کی رفتار میں قدرے تیزی محسوس کی جارہی ہے ۔ بہت سے سینئر فلمساز و ہدایتکار وسیع منصوبہ بندی کے ساتھ پھر فعال ہورہے ہیں ۔ اورنیٹل فلمز کے روح رواں چوہدری ریاض نے ایک زمانے میں بہت سی اہم اور مقبول فلمیں پرڈیوس کی ہیں ۔ جن میں سلطانہ ڈاکو، جانی دشمن، ڈاکو حسینہ، اور خون و پانی جیسی بڑی فلمیں شامل ہیں۔ چوہدری ریاض کے صاحب زادے خرم ریاض آج کل ٹی وی کے لیے کام کررہے ہیں ۔ حال ہی میں انہوں نے جواں سال ہدایتکار شعیب خاں کے ساتھ نئی فلم جیک پاٹ کا آغاز کر دیا۔ شعیب خان کے فنی کیرئیر کی یہ پہلی فلم ہے جسے بابر کشمیری نے تحریر کیا ہے۔ اس کے فنکاروں میں جاوید شیح، ثناء، فائزہ خان نورحسن، اسماعیل تارا، عدنان شاہ، ٹیپو، اورصنم چوہدری بھی شامل ہیں ، فلم کا میوزک واجد علی شاہ مرتب کررہے ہیں۔ اس موقع پر خرم چوہدری نے کہا کہ فلمی صنعت کی بہتری کا سفر جاری ہے ۔ اس مرحلے پر فلم میکر کی ذمہ داری ہے کہ اچھے اور اہم معاشرتی اور سماجی موضوعات پر فلمیں پروڈیوس کریں۔ میں نے بھی انہی خطوط پر کام کا آغاز کیا ہے مقصد یہی ہے کہ فلمی صنعت کی بہتری کے لیے کا م کیا جائے۔
تازہ ترین