• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے اہم شاہراہوں و چوراہوں پر بھی ٹریفک اہلکار فرائض انجام دینگے

سکھر (بیورو رپورٹ) رمضان المبارک کے موقع پر امن و امان کی فضاء بحال رکھنے اور ٹریفک کے نظام کو رواں رکھنے کے لئے پولیس نے سیکورٹی و ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ مساجد، امام بارگاہوں، تجارتی مراکز میں بھاری پولیس نفری تعینات کردی گئی، سادہ لباس اہلکاروں کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، اہم شاہراہوں و چوراہوں پر ٹریفک اہلکار بھی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے اپنے فرائض انجام دینگے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی جانب سے سیکورٹی و ٹریفک پلان تشکیل دیکر افسران و اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔ شہر کی مرکزی جامع مسجد سمیت مختلف علاقوں میں واقع مساجد، امام بارگاہوں، اہم تجارتی مراکز میں امن و امان کی فضاء بحال رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے بھاری پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ شہر کے اہم ترین تجارتی مراکز گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، شاہی بازار، فرےئر روڈ، اناج بازار، بیراج روڈ، لیاقت چوک، نشتر روڈ، کپڑا مارکیٹ و دیگر علاقوں میں پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار بھی اپنے فرائض انجام دینگے۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے مینارہ روڈ، اسٹیڈیم چوک، ایوب گیٹ، دادو چوک، پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ، سٹی بائی پاس سمیت دیگر اہم شاہراہوں و چوراہوں پر بھی ٹریفک اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ سیکورٹی و ٹریفک پلان کے حوالے سے ایس ایس پی سکھر امجد احمدشیخ نے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں و تاجروں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، رمضان المبارک کے موقع پر ضلع بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، امن وامان کی فضا بحال رکھنے اور جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے، مساجد، امام بارگاہوں، اہم شاہراہوں، چوراہوں و تجارتی مراکز میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے، شہر سمیت ضلع کے تمام ہوٹل، گیسٹ ہاؤس، مسافر خانوں کی انتظامیہ کو واضح طور پر ہدایات دی گئی ہیں کہ جو بھی مسافر ان کے پاس قیام کرے اس کا مکمل ریکارڈ متعلقہ انتظامیہ کے پاس ہونا چاہیئے، پولیس اس حوالے سے اچانک چیکنگ کرے گی، اگر کوئی بھی ایسا شخص جس کے کوائف مکمل نہ ہوئے وہ کہیں پایا گیا تو نہ صرف اس شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی بلکہ ہوٹل، گیسٹ ہاؤس انتظامیہ کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں پولیس گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ تمام تھانوں کے انچارجز کو بھی سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور سماجی برائیاں پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں و تاجروں کو ٹریفک جام کی مشکلات سے نجات دلانے کے لئے ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے، اہم شاہراہوں، چوراہوں پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جوکہ اپنے فرائض احسن انداز سے انجام دیتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے اور جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کوئی بھی مشتبہ شخص یا مشکوک چیز دکھائی دے تو اس کی فوری اطلاع پولیس کو دی جائے جبکہ ٹریفک نظام کو بحال رکھنے کے لئے شہری اور تاجر برادری بھی بھرپور تعاون کرتے ہوئے نہ صرف تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنائیں اور گاڑیوں کی غلط پارکنگ ہر گز نہ کی جائے تاکہ شدید گرمی میں ٹریفک کے نظام کو مکمل طور پر بحال رکھا جا سکے۔
تازہ ترین