• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے مختلف اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل، لو لگنے سےلڑکی ہلاک، متعدد افراد بیہوش

سکھر+میر پور خاص+ٹنڈومحمد خان(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران)  ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے مختلف اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ لو لگنے سے لڑکی ہلاک اور متعدد افراد بیہوش ہو گئے۔تفصیلات کےمطابق سکھر اور گرد ونواح  میں شدید گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے۔ دن بھر گرم ہوائیں چلنے کے باعث شہری گھروں تک محدود ہیں۔ شاہراہوں پر ٹریفک کم ہونے سے ویرانی چھائی رہی۔گرم ہوائیں چلنے کے باعث گیسٹرو سمیت دیگر پیٹ کے امراض پھیل رہے ہیں،جن میں زیادہ تعداد بچوں و خواتین کی ہے۔ شدید گرمی اور لو چلنے کے باعث شہری گھروں تک محدود ہوگئے۔علاوہ ازیں سکھر و گرد و نواح  میں سیپکو انتظامیہ کی جانب سے شدید گرمی کے باوجود 14سے 16گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ میرپورخاص اتوارتین بجے اچا نک بجلی کی ہائی ٹینشن لائین سے میرپورخاص سمیت  جنوبی سندھ کے مختلف اضلاع میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی جس سے سیکڑوں شہر اور دیہات  تاریکی میں ڈوب گئے ،بعض علاقوں میں بجلی کی سپلائی صبح  9بجے جزوی طور پر بحال ہو ئی اور کچھ دیرکے بعد دوبارہ معطل  ہوگئ، بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث بدترین گرمی نے شہریوں کا براحال کردیا  جبکہ سحری کی تیاری میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔رابطہ کرنے پر حیسکوافسران نے بتایا کہ جام شورو پاور اسٹیشن میں اچانک فنی خرابی سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تھیجو مرمت کے بعد بحال کردی گئی ہے۔ ٹنڈومحمدخان وفاقی حکومت کے رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ  میں کمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے پہلی سحری ضلع ٹنڈومحمدخان کے عوام نے اندھرے میں کی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات پونے تین بجے حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی معطل ہوجانے سے شہری علاقے تاریکی میں ڈوب گئے جبکہ حیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ جامشور حیسکو کی پانچ سو کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے کے باعث ضلع ٹنڈومحمدخان سمیت تیرہ مختلف اضلاع میں تین پاور ہاؤس سمیت تقریبا75گرڈاسٹیشن میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔ کندھ کوٹ ضلع میں شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ نے لوگوں کاجینامحال کردیا۔ شدیدگرمی کے باعث بیسیوں افراد بیہوش ہوگئے۔ گیسٹروکی وبابھی پھیلی ہوئی ہے جسکے باعث سیکڑوں افراد اسپتال داخل ہوگئے جن میں بچوں کی کثیرتعداد شامل ہے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری بلبلااٹھے ہیں۔ رمضان کے پہلے روزے کے سحروافطارمیں بجلی کئی علاقوں میں غائب رہی۔ تلہار ضلع بھر کے تمام علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ساتھ ہی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہو گیا  ہے۔شہری اور دیہی علاقوں میں 15 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں تو 18 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جس کے باعث صنعتی ادرے تباہ ہوکر رہ گئے ہیں اور ہزاروں مزدور بیروزگار ہوجانے کے سبب ان کے خاندان فاقہ کشی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ خیرپورناتھن شاہ ضلعی ہیڈ کوارٹر میں شدیدگرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام  کو  شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گلیاں اور سڑکیں ویران ہوگئیں۔اطلاعات کے مطابق ضلعی ہیڈ کواٹر میں گرمی کی شدت 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ  لو لگنے کے نتیجے میں دس سالہ لڑکی فلک سومرو ہلاک ہوگئی اور دس سے زائد افراد کو بیہوشی کی حالت میں سول اسپتال میں داخل کیا گیا۔ چمبڑ اور گرد ونواح  میں بجلی کا بریک ڈائون،رات دو بجے سے دن 3 بجے تک بجلی بحال نہ ہو سکی ،شدید گرمی میں بجلی بند ہونے سے روضہ داروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑااور رمضان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔بجلی کے شدید بحران پر شہریوں نے حیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا  جس کی قیادت انجمن تاجران کے جنرل سیکریٹری طاہر حسین نے کی ۔
تازہ ترین