• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف شہروں میں یوم تکبیر جوش و خروش سے منایا گیا

سکھر+ڈگری(بیورو رپورٹ/نامہ نگار)ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی ن لیگ کی جانب سے یوم تکبیر انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، ضلع سکھر کی مرکزی تقریب مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار شہزاد علی عاصی کی جانب سے مقامی ہوٹل ہال میں منعقد کی گئی، تقریب میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار شہزاد علی عاصی، دلاورخان سمیت دیگرمقررین نے کہا کہ یوم تکبیر وہ دن ہے جس نے ہم سب کو دفاعی لحاظ سے احساس محرومی سے نجات دلائی اور قوم کو ایک یقین بھی ملا کہ ہم اپنے دشمن کے مقابل پوری طاقت سے برابری کی سطح پر کھڑے ہوسکتے ہیں، میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بناکر عالم اسلام کا سر فخر سے بلند کیا اور دشمن کی جارحیت کو لگام دی۔دریں اثنا ڈگری سے نامہ نگار کے مطابق  سب ڈویژن میں بھی 28 مئی اتوار کو یوم تکبیر جوش و خروش سے منایا گیا۔مسلم لیگ ن اور اسکی ذیلی تنظیموں کی جا نب سے تقاریب کا انقعاد کیا گیا۔ جس میں کیک کاٹے گئے۔مسلم لیگ ن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمسلم لیگ ن کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری آصف معراج راجپوت کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے 5 ایٹمی دھماکے کر کےپاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا تھا اور آج مسلسل 5 واں بجٹ پیش کر کے پاکستان کو معاشی طاقت بنا دیا ہے۔ یومِ تکبیر پاکستان کا سنہرا دن ہے اور پاکستان 5 ایٹمی تجربات کرکےدنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا۔ اس عظیم دن کے موقع پہ اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود ہم پاکستان کو باوقار ،خودار،خودمختار ،خوشحال پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں یومِ تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔
تازہ ترین