• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک میں تمباکو نوشی سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے، پروفیسر ندیم رضوی

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کے شعبہ امراض سینہ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد رضوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ تمباکو نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے تمباکو نوشی کے عادی افراد جس طرح روزے کے دوران سگریٹ کا استعمال ترک کر دیتے ہیںاسی طرح اگر وہ افطار کے بعدبھی سگریٹ نوشی سے گریز کریں اور اس پورے ماہ کے دوران تھوڑی سے کوشش کرکے خود کو سگریٹ سے دور رکھیں تو اس عادت چھٹکارا پایا جاسکتا ہے ۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مردوںکو سب سے زیادہ زبان ، جبڑے اور حلق کا کینسر لاحق ہے جسکی بنیادی وجہ گٹکا، چھالیہ، سگریٹ ،تمباکو ، نسوار اور پان ہے اگر اس کا استعمال ترک کر لیا جائے تو پاکستان سے 45فیصد کینسر کا خاتمہ ہوسکتا ہے جبکہ سینے کے مختلف امراض بھی کم ہوسکتے ہیں اوررمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہمیں یہ موقع فراہم کررہاہے کہ ان تمام چیزوں سے چھٹکارا حاصل کر لیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سگریٹ میں 5ہزار کیمیکل ہوتے ہیں جن میں سب سے زیادہ خطرناک ٹار، آرسینک اور کینڈ کم ہیں جو بیٹریوں میں استعمال ہوتے ہیں سگریٹ سے پھیپھڑوں اورآواز کے باکس (لیرکس) سمیت دیگر کئی کینسر ہوتے ہیں اس کے علاوہ سگریٹ میں کیمیکل نیکوٹین استعمال کیا جاتا ہے جو ایک قسم کی ہیروئن اور چرس ہے اور پینے والے کو عادی بنا دیتی ہےلیکن روزے میںاس عادت اور شدید طلب کےباوجود سگریٹ نوش خود کو سگریٹ سے دور رکھتے ہیں لیکن افطار کے بعد پھر سگریٹ پینا شروع کردیتے ہیں جب دن بھر سگریٹ سے گریز کر سکتے ہیں تو تھوڑی سی کوشش کرکے کے افطار کے بعدبھی خود کو روک سکتے ہیںاور رمضان المبارک کی برکت سے اس عادت سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارابھی پاسکتے ہیں 
تازہ ترین