• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کیخلاف وارم میچ، پاکستان کے پاس بھارت سے ٹکرائو کیلئے خامیاں جانچنےکاآخری موقع

   برمنگھم (جنگ نیوز/ نیوز ڈیسک)  ہدف کے تعاقب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کمزوری ٹیم منیجمنٹ کے لیے پریشان کا باعث بنی ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف گرین شرٹس نے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے وارم اپ میچ میں ٹیل اینڈرز کی ماردھاڑ کی بدولت کامیابی تو حاصل کرلی۔ پاکستان کو دوسرے وارم اپ میچ میں پیر کو انتہائی خطرناک اور مضبوط آسٹریلیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ میگا ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل پاکستان کے پاس خامیاں جانچنے کا آخری موقع ہے۔ انگلینڈ میں اس سال بڑے اسکور بن رہے ہیں، ایسے میں پاکستان ٹیم کو پاور ہٹرز کی شدید ضرورت ہوگی۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جارح مزاج کپتان سرفراز احمد کیلیے یہ ٹورنامنٹ بہت سخت چیلنج ہے۔ پاکستان ٹیم کی حالیہ برسوں میں ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی کسی بھی طرح معیاری قرار نہیں دی جاسکتی۔ کوچ مکی آرتھر تسلیم کرچکے ہیں کہ ٹیم بیسویں صدی کی کرکٹ کھیل رہی ہے۔ اس نے میگا ایونٹ کیلئے زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کو کلین سوئپ کر کیا اسے انگلینڈ نے بھی ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرکے فائدہ پہنچایا تھا۔ لیکن اب اصل امتحان شروع ہونے والا ہے۔ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں اور مہم کا آغاز چار جون کو بھارت کے خلاف کرنا ہے۔اس بارے میں کپتان کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت دنیا میں آٹھویں نمبر پر ہیں، ہمارے پاس کھونے کیلیے کچھ نہیں، یہی بات ٹیم کیلیے پلس پوائنٹ ہوگی، لیکن میں واضح کردوں کہ کوئی بھی ٹیم پاکستان کو نظر انداز کرنے کی غلطی نہ کرے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف فہیم اشرف نے غیر معمولی کار کردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو ہارے ہوئے میچ میں فتح دلادی، میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل میچ بن گیا تھا جس میں ہم پرابلم میں آگئے تھے مگر نویں وکٹ کی شر اکت میں قیمتی 93 رنز نے میچ کا پانسہ ہمارے حق میں پلٹ دیا، انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز جیتنے سے کھلاڑیوں کامورال بلند ہے ، تمام کھلاڑی پُرجوش ہیں ،میں بھی کپتانی کے دباؤ میں نہیں ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خراب فیلڈنگ کی خامیاں بھی بہت حد تک دور کر لی گئیں ہیں ، تمام کھلاڑی میدان میں پوری جان مارتے نظرآ ئیں گے ۔ ہماری نظریں صرف بھارت کے خلاف میچ جیتنے پر نہیں، ہم میدان میں پوری کوشش کریں گے اور ٹیم کا ہر ممبر فتح کے لیے میدان میں اترے گا۔
تازہ ترین