• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرسنل کا نیا ریکارڈ، انگلش ایف اے کپ 13مرتبہ نام کرلیا

 لندن (نیوز ایجنسیز)آرسنل نے چیلسی کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر 13 ویں بار ایف اے کپ فائنل جیتنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔میچ سے قبل ویمبلے اسٹیڈیم میں مانچسٹر حملے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر پرنس ولیم ، مانچسٹر کے مئیر اینڈی برنہیم اور دونوں ٹیموں نے شرکت کی۔ آرسنل کے ایلیکسی سانچیز نے میچ کے چوتھے ہی منٹ میں اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔لیکن 2010 کی طرح ڈیاگو کوسٹا نے چیلسی کی جانب سے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔آرسنل پہلے ہاف میں چیلسی کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار اور جارحانہ انداز میں کھیل پیش کرتی رہی لیکن ان کے لیے تشویش کی بات صرف یہ تھی یہ وہ اپنی سبقت میں اضافہ نہیں کر پا رہی تھی۔آرسنل کے ریمسے نے 2014 کی طرح ایک بار پھر گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ منیجر آرسنے وینگر کی سربراہی میں آرسنل نے ساتویں بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ فتح کے بعد ان کا اپنی ٹیم کی بہترین کارکردگی پر کہنا تھا ہم نے پہلے منٹ سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ہماری ٹیم جیت کی دعویدار ہے اور آج ہمارے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل سے اسے سچ ثابت کر دکھایا۔ خیال رہے کہ وینگر کو حال ہی میں آرسنل کی خراب کارکردگی کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ گذشتہ 20 سال میں پہلی بار ان کی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی نہیں کر پائی تھی۔
تازہ ترین