• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

13اضلاع میںبجلی کا 12 گھنٹے سے زائد طویل بریک ڈائون

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) رمضان المبارک کی پہلی سحری سے قبل ہی حیدرآباد سمیت حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں بجلی کا 12 گھنٹے سے زائد طویل بریک ڈاؤن، لاکھوں شہریوں نےشدید گرمی اور اندھیرےمیں سحری کی۔ حیسکو نے اپنی نااہلی کا ملبہ این ٹی ڈی سی پر ڈال کر اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دیدیا۔ حکومت اور حیسکو کی جانب سےرمضان میں سحری و افطار میں لوڈ شیڈنگ اور بجلی بند نہ کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،اتنے بڑے بریک ڈاؤن کے باوجود حیسکو افسران اور صارفین مراکز کے عملے نے شہریوں کے فون اٹینڈ کرنے کی بھی زحمت نہیں کی، این ٹی ڈی سی ترجمان کے مطابق 500 کے وی جامشورو لائن ٹرپ ہونے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا،وزارت پانی و بجلی نے گذشتہ ایک سال کے دوران مین لائن کے تار ٹوٹنے،ٹرپ ہونے و دیگر مبینہ فنی خرابی کی انکوائری کرائی ہے نہ ہی کسی کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) سمیت وزیر پانی و بجلی کی جانب سے ماہ رمضان میں سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعوے پہلے ہی روز این ٹی ڈی سی کی ناقص ٹرانسمیشن کی وجہ سے ہوا میں اڑ گئے۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بعد سحری شروع ہونے سے قبل رات ڈھائی بجے حیدرآباد سمیت حیسکو ریجن کے13 اضلاع میں بجلی بند ہونے سے لاکھوں شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی جبکہ صارفین کی جانب سے ایک سے 2 گھنٹے گزرنے کے بعد حیسکو صارفین مراکز سے رابطہ کرنے پر کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا جبکہ چند ہفتے قبل حیسکو چیف نے دعویٰ کیا تھا کہ تمام صارفین مراکز شہریوں کو سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ این ٹی ڈی سی ترجمان کے مطابق 500 کے وی لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا تاہم صبح 11 بجے تک حیدرآباد کے متعدد علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی جبکہ دیگر اضلاع کی بجلی بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حبکو سے ملنےوالی بجلی سسٹم میں آنے سے حیسکو اور کراچی کو بجلی کی مکمل فراہمی بحال ہوجائے گی۔ مبینہ فنی خرابی کے بعد حیدرآباد کو کوٹری پاور پلانٹ سے بجلی کی فراہمی شروع کی گئی تھی تاہم متعدد علاقوں میں شام تک وولٹیج کی کمی بیشی اور لنک ڈاؤن ہونے و دیگر فنی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر رہی۔
تازہ ترین