• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متعدد علاقوں میں پانی کا شدید بحران، شہری روزے میں پانی کےلئے پریشان

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ماہ رمضان کے پہلے روزے کو ہی شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا شدید بحران،شہری روزے کی حالت میں پانی کے حصول کے لئے دربدر پھرتے رہے،ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے شہر میں پانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے جبکہ موسم گرما میں شہر میں 50 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایچ ڈی اے کے ذیلی شعبہ واسا کو ماہ رمضان میں بھی شہریوں پر ترس نہیں آیا،ماہ رمضان کا چاند نظرآنے کے باوجود واسا کی جانب سے شہر بھر میں پانی کی سپلائی منقطع رہی،رات گئے تک شہری پانی کے انتظار میں جاگتے رہے بعد ازاں شہری روزے کی حالت میں پانی کے لئے دربدر پھرتے رہے، شہر کے مختلف علاقوں ہیرآباد،کلاتھ مارکیٹ،آفندی ٹاؤن، لطیف آباد یونٹ نمبر 8,9,10,11,12، سائٹ ایریا زیل پاک کالونی،مرشد آباداورہاشمی کالونی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ماہ رمضان کے پہلے روزےپرعلاقہ مکین پانی کے حصول کے لئے پریشان رہے۔ جنگکے رابطہ کرنے پر ایم ڈی واسا مسعود جمانی نے کہاکہ بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے، واٹر کمیشن اور ہائی کورٹ کی ہدایت ہے کہ واسا پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش نہ کی جائے،لیکن بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں مل رہی تاہم موسم گرما میں شہر میں 50ملین گیلن پانی کی کمی کاسامنا رہتاہے جس کے ازالے کے لئے مختلف پروجیکٹس پر کام ہورہا ہے۔
تازہ ترین