• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، 13 کشمیری شہداء پاکستانی پرچم میں سپردخاک، پابندی کے باوجود جنازے میں ہزاروں شریک

سرینگر(ایجنسیاں، جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے شہید کمانڈر سبزار احمد بھٹ سمیت 13شہداء کو پاکستانی پرچم میں سپر د خاک کردیا گیا ،مقبوضہ وادی میںرمضان المبارک کے پہلے روز کرفیو اور پابندیوں کے باوجود ترال کےعلاقے رتسونا میں سبزار احمد بھٹ کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، بڑی تعداد میں لوگ دیگر علاقوں سے بھی پہنچے تھے ، اس موقع پر لوگوں کے رش کے باعث سبزار احمد کی نماز جنازہ 7مرتبہ اد ا کی گئی ، شہید کو ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا ،اس موقع پر لوگوں نے آزادی کے حق اور بھارت مخالف نعرے لگائے ، وادی کے کئی علاقوں میں شہداء غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئیں ، سبزار احمد بھٹ کو برہان وانی شہید کے پہلو میں سپر د خاک کردیا گیا ، اسی طرح دیگر شہداء کو بھی آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا ، اس موقع پر کئی علاقوں میں مشتعل افراد نے قابض فورسز پر پتھراؤ بھی کیا، بھارتی فورسزنے مظاہرین پر فائرنگ ، پیلٹ گنوں کے چھرے ، آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں 50سے زائد افراد زخمی ہوگئے ، 5نوجوان فائرنگ اور 8افراد پیلٹ گنوں کے چھرے لگنے سے زخمی ہوئے ، دوسری جانب مقبوضہ وادی میں سبزار احمد بھٹ اور دیگر نوجوانوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال رہی ، اس موقع پر سڑکین سنسان رہیں جبکہ بازار بند رہے کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے سرینگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میںغیر اعلانیہ کر فیو اور دفعہ 144نافذ رہا، اس دوران قابض فورسز نے اسپیکر پر لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی تاہم اس کے باجود لوگوں نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر نکل کر احتجاج کیا،وادی میں موبائل اورانٹر نیٹ سروس بھی معطل رہی،وادی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کشمیر یونیورسٹی کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں، کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنمائوں بشمول سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور یٰسین ملک کو گرفتار یا نظر بند کردیا ہے، پولیس نے یٰسین ملک کو میسوما میں ان کی رہاشگاہ سے گرفتار کیا اور انہیں سرینگر کی سنٹرل جیل منتقل کردیا گیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قبل ازیں یٰسین ملک ترال پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے جہاں انہوں نے ہزاروں مظاہرین سے خطاب بھی کیا تھا، ادھر حزب المجاہدین نے اعلی کمانڈر سبزار احمد بھٹ اور ان کے ساتھیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں جدوجہد میں شہداء نے نمایاں اور کلیدی کردار ادا کیا جسے کسی بھی طور فراموش نہیں کیا جاسکتا ، حزب کے ترجمان برہان الدین نے سید صلاح الدین کے حوالے سے بتایا کہ وہ اعلی کمانڈر سبزار احمد بھٹ اور ان کے ساتھی کو خراج پیش کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ خون کے ایک ایک قطرے سے نئے سبزار وادی میں پیدا ہونگے ،دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک اور مجاہد کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے،بھارتی فوج کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اتوار کی صبح کنٹرول لائن کے قریب پونچھ سیکٹر میں ننگی ٹکری کے علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے ،اس دوران فورسز کی فائرنگ سے ایک مجاہد مارا گیا ہے ، تاہم مارے جانے والے کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا، علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے جمعہ کواوڑی کے علاقے گل ہٹہ میں جن دو نامعلوم افراد کو شہید کرکے مجاہدین قراردیا ہے، مقامی لوگوں کے مطابق ان کی عمریں 70اور 80سال کی درمیان ہیں جس کی وجہ سے اْن کےمسلح ہونے پرشکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں،کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پولیس نے ان دونوںعمر رسیدہ افراد کی لاشوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے بارہمولہ کے مضافاتی علاقے گانٹہ مولہ میں سپرد خاک کیاہے،مقامی لوگوں نے بتایا کہ دونوں لاشوں کو رات کے اندھیرے میں دفنایا گیا،انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں کافی عمر رسیدہ تھے اوراْن کی عمر سے نہیں لگتا تھا کہ وہ مسلح ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ26برسوں کے دوران بھارتی فوج نے پہلی بار اتنے عمر رسیدہ افراد کو مجاہدین قرار دیا ہے،انہوں نے واقعے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔
تازہ ترین