• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کا بڑا بریک ڈائون، مراد علی شاہ کا خواجہ آصف کو خط

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنے 24مئی 2017کو بھیجی گئی ایک میل کا حوالہ دیا ہے جس میں انہوں نے ناقابل بھروسہ ٹرانسمیشن نیٹ ورک اور بجلی کی بندش کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار پہلے ہی کیا تھا اور کہا تھا کہ اسکی وجہ سے سندھ کی عوام کو رمضان المبارک کے دوران تکالیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے یہ خدشات یکم رمضان (May 28,2017) کوسچ ثابت ہوئے جب دیہی سندھ کے 13اضلاع اور آدھا کراچی ڈویژن اندھیرے میں ڈوب گیا جسکے نتیجے میں 500 KVکی حبکو جامشور و ٹرانسمیشن لائن  رات 2:15منٹ پرٹرپ کر گئی۔ انہوں نے کہا کہ اچانک ٹر یپنگ ہونے کے باعث ہا ئی ٹرانسمیشن لائن متاثر ہوئی اور اس سے نہ صرف حیسکو۔ سیپکو کی ڈسٹریبیوشن متاثر ہوئی بلکہ کے الیکٹرک بھی متاثر ہو ا اور اسکے نتیجے میں کراچی شہرکے ایک بہت بڑے حصے میں بجلی کا تعطل سامنے آیا جو کہ ابھی تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا ہے۔  انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کی بندش کی وجہ سے پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا اور اس حالیہ بندش کے باعث گھارو، دھابیجی ، پیپری ، سی او ڈی ، حب اور نارتھ ایسٹ کراچی کے پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی کا نظام بھی برے طریقے سے متاثر ہوا جہاں سے کراچی شہر کو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر اس بات پر زور دونگا کہ یہ ایک سنجیدہ اور سنگین صورتحال ہے باالخصوص جب صوبہ سندھ کے مختلف حصوں میں دن میں درجہ حرارت 45ڈگری سے زائد ہوتا ہے اور رمضان المبارک کا مہینہ بھی ابھی شروع ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے طویل بجلی کے بریک ڈاؤن ہونگے تو اس سے صوبائی حکومت کو نازک صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا اور شہری اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔  انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ وہ برائے مہربانی این ٹی ڈی سی اورDISCOکو ہدایت کریں کے وہ سندھ کے تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید درخواست کی کہ کم از کم رمضان المبارک کے دوران لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ سے زیادہ کم کیا جائے اور باالخصوص افطار اور سحری کے دوران صوبہ سندھ میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اور ا نہوں نے امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے مثبت اور فوری جواب ملے گا۔ اس خط کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھی بھیجی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی پیکیج کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے نیشنل ہائی وے پرزیر تعمیر منزل پمپ فلائی اوور ، طارق روڈ اور یونی ورسٹی روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر کی ترقی کیلیے جاری منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔
تازہ ترین