• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران رمضان میں خدا کا خوف کھا کرلوڈشیڈنگ سے ریلیف دیں،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران رمضان میں ہی خدا کا کچھ خوف کھائیں اور روزے داروں کو لوڈشیڈنگ سے ریلیف دے دیں ۔ شدید گرمی میں روز دار بے چینی اور پریشانی میں مبتلا ہیں اور حکمران بلند و بانگ دعوے کر رہے ہیں کہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں تو غیر مسلم ممالک کی حکومتیں بھی مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کرتی ہیں اور اشیائے خورونوش کے ساتھ ساتھ زندگی کے دیگر معاملات میں بھی رمضان کے اندر مسلمانوں کو خصوصی سہولتیں دی جاتی ہیں مگر ہمارے ہاں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت باقاعدہ مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے کر لوڈشیڈنگ میں ہونے والی کمی کا جائزہ لے اور اس کے ساتھ ساتھ احترام رمضان کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی پر حکومت کاکوئی کنٹرول نہیں، ہر جگہ عوام ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں بے بس نظر آتے ہیں ۔ 
تازہ ترین