• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کی امن کوششیں:پاکستان تیسرے نمبرپر آگیا، ایتھوپیا سر فہرست

لاہور (رپورٹ :ریاض الحق)اقوام متحدہ کی امن کوششیں میں پاکستان چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگیا، جبکہ ایتھوپیا سر فہرست ہے، اقوام متحدہ کو  70برسوں میں 55 امن مشن میں کامیابی ہوئی، مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل میں مکمل ناکامی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق آج پوری دنیا میںاقوام متحدہ کی امن کوششوں کا عالمی دن Investing in Peace Around the World کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے جسکا مقصد عالمی سطح پرتنازعات میں گرے خطوں میں امن کا قیام عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات بھی اٹھانا ہے جس سے امن کی راہ میں حائل ہونے والے عناصر کا سدباب کیا جا سکے۔تاہم صورتحال یکسر برعکس ہے اور اقوام متحدہ کو نہ صرف قیام امن میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ اس ضمن میں اقوام متحدہ کی امن کوششوں میںمعاونت کرنے والے اہلکاروں کی جانیں بھی ضائع ہورہی ہیں جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ 2016ء میں اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں شامل 117اہلکاروں کو مختلف امن مشنز کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنا پڑا جبکہ 70برسوں میں اب تک 3553 اہلکار اپنی جانوں کا نزرانہ پیش کر چکے ہیں۔ 70برسوں میں اقوام متحدہ کو 71امن مشنز میں سے 55میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 16امن مشنز بدستور جاری ہیں جن کیلئے ایک لاکھ 13ہزار 394اہلکار اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ایک سال کے لیے اس پر 7.87بلین ڈالر خرچ ہو رہے ہیں ۔بھارتی اور اسرائیلی جارحیت سے اقوام متحدہ کو کشمیر اور فلسطین میں امن قائم کرنے کیلئے بدستور مشکلات کا سامنا ہے جسکے باعث 70برسوں سے اقوام متحدہ دونوں خطوں میں امن قائم کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے۔ واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ مسئلہ فلسطین اور جنوبی ایشیاء مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پر امن نہ ہو سکا۔ اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کے باعث نہ صرف اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں رہی بلکہ دونوں ملکوں کی دراندازی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ اقوام متحدہ کی امن کوششوں کے حوالے سے منائے جانے والے عالمی دن کیلئے جنگ ڈویلپمنٹ رپورٹنگ سیل نے اقوام متحدہ کی جانب سے حاصل شدہ اعداد و شمار پر جو رپورٹ مرتب کی ہے اس کے مطابق پاکستان جو اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے 2016ء میں امن کوششوں میں چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگیا ۔
تازہ ترین