• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف نے آفرز ٹھکراکر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، جاوید اقبال

برمنگھم (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں یوم تکبیر پر مرکزی تقریب پاکستان مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ برمنگھم میں مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ (ن) راجہ جاوید اقبال کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وطن عزیز کو ایٹمی طاقت بن کر اسلام کا قلعہ بننے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ صدر محفل راجہ جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ28مئی 1998کو موجودہ وزیراعظم نوازشریف نے جرأت اور بہادری سے دبائو اور آفرز کو ٹھکاکر ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف پاکستان کو اسلام کا قلعہ بلکہ پوری قوم کو سر اٹھاکر جینے کا سلیقہ سیکھا دیا، انہوں نے کہا کہ آج قوم ایک بار پھر نوازشریف کے وزیراعظم ہوتے ہوئے وطن عزیز کا یوم تکبیر منا رہی ہے۔ آئندہ بھی نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے پرچم تلے یوم تکبیر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی بم ن صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلم کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہے۔ اس لیے پاکستان کا تحفظ، دفاع اور سلامتی سب کا فرض ہے، تقریب سے مختلف مسلم لیگی رہنمائوں و عہدیداروں چوہدری اظہر محمود، ملک فتح خان، صاحبزادہ فاروق القادری، چوہدری عارف، راجہ جاوید آسٹن، ملک حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام نہ صرف اپنے تحفظ بلکہ پورے ایشیا میں قیام امن کے لیے بھی ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ ملک فتح خان نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں برسوں قبل پاکستان ایٹمی طاقت بنتا تھا اور آج سی پیک جیسے عالمی منصوبے سے ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے۔ صاحبزادہ فاروق القادری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی میں مخلص ہے۔ ایٹمی دھماکوں سے لے کر سی پیک تک نوازشریف نے وطن عزیز کو مضبوط سے مضبوط تر کردیا ہے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام تر مخالفتوں اور سازشوں کے باوجود بھی اقوام عالم میں اپنا منفرد مقام بنا رہا ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں عالمی برادری میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور کام کی بنیاد پر آئندہ بھی پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی ہی حکومت بنے گی۔
تازہ ترین