• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پرتفصیلی بحث ،تشویش کا اظہار

اوسلو(نیوز ڈیسک)ناروے کی پارلیمنٹ میں کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما کھنوت آرِل ہارآئیدے (Knut Arild Hareide) کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بحث کی گئی جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ، اظہار رائے اور سوشل میڈیا کی آزادی پر پابندیاں عائد کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس دیرینہ تنازعے کے پر امن حل کے لیے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ناروے کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ناروے کے وزیر خارجہ بورگے برندے (Borge Brende )کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بتائیں کہ ناروے نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے کونسے اقدامات کیے ہیں۔ ناروے کے وزیر خارجہ بورگے برندے (Borge Brende ) نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ناروے کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ بہت اچھے سفارتی تعلقات ہیں مگر ناروے اس وقت تک کوئی مثبت کردار ادا نہیں کر سکتا جب تک مسئلہ کشمیر پر دونوں فریق مل کر اس کو حل کرنے کے لیے راضی نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں اٹیمی ممالک ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی اٹیمی جنگ کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ناروے کو سخت تشویش ہے۔پارلیمنٹ میں بحث کے دوران سفارتخانہ پاکستان سے ہیڈ آف چانسلر ابرار خان، عائشہ خان اور کشمیری رہنما شاہنواز علی موجودتھے۔
تازہ ترین