• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسان پیکجز بارے آگاہی کیلئے کسان کونسلیں قائم کرنے کی ہدایت

سرگودھا(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے اپنے دفترمیں ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ کسانوں کو حکومت پنجاب کی طرف سے مراعاتی پیکج بارے مکمل معلومات اور راہنمائی دی جائے تاکہ وہ ان سے بھر پور استفادہ کر کے ملکی زرعی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے محکمہ زراعت کو یونین کونسل سطح پر فیلڈ اسسٹنٹس کی سربراہی میں دس دس کسانوں پر مشتمل کسان کونسلیں قائم کر کے انہیں حکومتی مراعات، کسان پیکجز، باغات، فصلوں پر فروٹ فلائی ودیگر بیماریوں کے حملہ کی روک تھام کیلئے بھر پور آگاہی دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے مختلف کمپنیوں کی طرف سے کسانوں کو دیئے جانے والے غیر معیاری زرعی آلات کی رپورٹس پر انکوائری کروا کر الزام ثابت ہونے پر ایسی کمپنیوں کے خلاف پرچے کروانے کی بھی ہدایت کر دی۔ ڈی سی لیاقت چٹھہ نے کہاکہ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اورانہیں اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت فیض احمد کندی نے بریفنگ میں بتایا کہ اس سال ضلع بھر میں پانچ لاکھ 36ہزار ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت کی نئی او رگندم کی اوسط پیداوار 34 من فی ایکڑ رہی۔ اسی طرح گنا ایک لاکھ 37ہزار ایکڑ پر کاشت کیا گیا او رپیداوار 675 من فی ایکڑ رہی جبکہ سٹریس کی فی ایکڑ پیداوار 145من رہی۔ ضلع بھر میں کسان پیکج کے تحت ڈیڑہ ڈیڑہ سو ہل ‘ روٹا ویٹر ‘ ربیع ڈرل اور ڈسک ہیرو پچاس فیصد سبسڈی پر دی گئیں۔دالوں کی کاشت کیلئے 22سو کلو گرام دال مسور ‘ 280 کلو دال ماش ‘ 2962گندم کے بیج کے تھیلے دینے کا ٹارگٹ مقرر کیاگیاتھا جبکہ پچا س فیصد سبسڈی کے ذریعے 5275 ایکڑ رقبہ پر فروٹ فلائی کے خلاف سپرے کیلئے ادویات دینے کا ٹارگٹ مقرر کیاگیا اور 25ہزار سے زائد کسانوں کو بلاسود زرعی قرضے دینے کیلئے 9345۔ ای بکس جاری کی گئیں۔ کسان پیکج کے لئے 51ہزار 269کسانوں کی رجسٹریشن کی گئی اور 32ہزار 162کسانوں کا ڈیٹا پی آئی ٹی بی میں اپ لوڈ کیاگیا۔ اسی طرح مختلف بینکوں سے کسانوں کو 46کروڑ 35 لاکھ روپے کے بلا سود قرضے مہیا کئے گئے۔ اجلاس میں ڈاکٹر بشارت سلیم ‘ ڈسٹرکٹ آفیسر واٹر مینجمنٹ وحید الزمان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سیڈکارپوریشن محمد امتیاز ملک، کاشتکاروں ودیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تازہ ترین