سرگودھا(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر چوہدری شاہ نوا ز رانجھا، ضلعی کوآرڈینیٹر رائے حامد رضا بھٹی، چیئر مین ڈسٹرکٹ کونسل سردار عاصم شیر میکن، ڈسٹرکٹ چیئر مین ڈویلپمنٹ چوہدری خالد مسعود رانجھا، ملک رب نواز فروکہ، مہر محمد عثمان، ڈاکٹر لیاقت علی خان ویگر مقررین نے ضلعی سیکرٹریٹ میں یوم تکبیر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیر ہماری قومی سلامتی اور وطن عزیز کے ناقابل تسخیر دفاع کے عزم کا دن ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے 28مئی 1998ءکو حقیقی معنوں میں پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنایا اوربھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں دھماکے کرکے جرات منداور بہادر قومی لیڈر کا اعزاز حاصل کیا۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور اب اسے معاشی طاقت بھی بنا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت پاکستان کو معاشی طورپر مستحکم کرنے کیلئے انقلابی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔حکومت کی مدبرانہ پالیسیوں کوبدولت پاکستان تیزی سے تعمیر وترقی کی شاہراہ پر گامزن ہےاور آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن)ہی جیتے گی۔