• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی منصوبوں پر سیاست کرنا زہر قاتل، آئندہ ینتخابات بھی ہم جیتیں گے، شہباز شریف

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جلد معاشی انقلاب آئیگا، قومی منصوبوں پر سیاست کرنا زہر قاتل ہے،آئندہ انتخابات بھی مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔دھرنا دینے والے سیاسی عناصر ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں،ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا۔ہم نے شفافیت، محنت اور دیانت کو رول ماڈل بنایا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت صدق دل سے ملک و قوم کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں، وفاقی حکومت نے عوام دوست، فلاحی و ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے جس سے ملک میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوامی مشکلات میں کمی ہو گی- افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور شہریوں کی قربانیوں سے ملک میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا ہے اورملک امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب ہائوس اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی-وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان، شاہدخاقان عباسی، شیخ آفتاب احمد،مریم اورنگزیب، ایم این اے حمزہ شہباز اوردیگراراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے-ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں، عوام کی فلاح و بہبودکے پروگراموں، کسان پیکیج، گندم خریداری مہم، خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام، امن عامہ اور دیگر فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے پنجاب ہائوس، اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کے آغاز پر خود تلاوت کلام پاک کر کے کارروائی شروع کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان پر اپنا کرم فرمائے، تمام مسلمانوں کے لئے ماہ صیام اللہ تعالی کی برکتیں اور رحمتیں لائے اور ہمیں اس قدر ہمت اور قوت عطا فرمائے کہ ہم ملک کو درپیش تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں تعلیم، صحت، ذرائع مواصلات کی سہولیات کی فراہمی، امن و امان، ٹریفک کی بہتری کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات میں اضافے کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی نے راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹس کیلئے رقوم رکھی گئی ہیں اوریہ منصوبے راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، بہالپور اور گوجرانوالہ میں شروع کئے جائیں گے-انہوں نے کہاکہ عوام کے لئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور صوبے میں 318 سستے رمضان بازار وں کے لئے 9 ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیا گیا ہے - کھادکی قیمتوں میں کمی، بلا سود قرضوں سے چھوٹے کاشتکاروںکوبے حد فائدہ حاصل ہواہے۔ پاکستان کی 70 سالہ میں پہلی مرتبہ قومی منصوبوں سے اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے اور پیسے بچا کر تعلیم صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوںپر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرزہسپتالوںمیں نئی سٹی سکین مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اعلی معیار کی ادویات مہیا کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری چار سالہ کارکردگی سب پر عیاں ہے اور یہ ہماری کامیابی بین ثبوت ہے کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کا شمار دنیا کی تیزی سے ابھرتی کامیاب معاشی قوتوں میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ1320میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ نے صرف 22ماہ کی مدت میں بجلی کی پیداوار شروع کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اورمنصوبے کے دوسرے پلانٹ کے ٹرائل کا آغاز ہوگیاہے-10جون تک مزید 660میگا واٹ بجلی حاصل ہونے سے یہ پراجیکٹ مجموعی طو رپر 1320میگا واٹ بجلی فراہم کرے گا-انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو آگے بڑھایاہے-انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے سیاسی عناصر ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار او رکرپشن کا بازار گرم کئے رکھا-انہوں نے کہا کہ دھرنے دے کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے خلاف ناپاک سازش کی گئی اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ایک بار پھر ملک کو ترقی کے ٹریک سے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی- عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی نہیں بھولتے بلکہ انہیں سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدل دے گااور یہ منصوبہ حقیقی معنوں میں پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو ا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ قومی منصوبوں پر سیاست کرنا زہر قاتل ہے -شہباز شریف کی زیر صدارت اتوار کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا- اجلاس میں وزیر اعلی نے شیخوپورہ کے قریب محکمہ جنگلات کی اراضی واپس لینے کے حوالے سے کیس کی بہترین انداز میں پیروی کرنے پر لیگل ٹیم کو شاباش دی اور محکمہ جنگلات و انتظامی افسران کی کارکردگی کو سراہا-وزیر اعلی نے اچھی کارکردگی پر لیگل ٹیم اور دیگر افسران کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دیئے-تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامداورایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رانا شمشاد شامل تھے- وزیر اعلی نے رینج فاریسٹ آفیسر لاہور ثاقب بھٹی اور نائب تحصیلدار فیروز والا تنویر حسین کو تعریفی اسناداور نقد انعام دیئے-وزیر اعلی نے پنجاب حکومت کی لیگل ٹیم اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیگل ٹیم نے بہترین اور موثر انداز میں کیس کی پیروی کی اورمحکمہ جنگلات اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی اراضی واگزار کرانے کے لئے محنت سے کام کیا - شہبازشریف نے ٹریفک پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی جاری رکھنے کے لئے موثر ٹریفک پلان مرتب کیا جائے اور رمضان المبارک میں خصوصاً افطار کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے تا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے- انہوں نے کہا کہ افطار کے اوقات میں کہیں بھی ٹریفک کی روانی میں خلل نہیں آنا چاہیے۔شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ  میں مذمت کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بھارتی افواج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے، نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کرنے سے بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے -انہوں نے کہا کہ  بھارتی ظلم و بربریت کے خاتمے کے لئے عالمی برادری کو اپنا فوری اور موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔شہباز شریف
تازہ ترین