• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ایوان میں شدید ہنگامہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ایوان میں شدید ہنگامہ ، وزیراعظم کی آمد پر نعرے، حزب اختلاف ممبران 10منٹ تک شورشرابے کے بعد ایوان سے واک آئوٹ کرگئے اور اس کے بعد صدر نے پرسکون طریقے سے خطاب کیا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اجلاس کی کاروائی شروع ہونے سے قبل اپوزیشن کو منانے کی بہت کوشش کی مگر وہ نا کام رہے۔ خواجہ سعد رفیق نے سید خورشید شاہ ، نوید قمر ، شاہ محمود قریشی ، سراج الحق اور آ فتاب شیر پائو سے ملاقاتیں کیں مگر اپوزیشن نے اپنی طے شدہ حکمت عملی کے تحت شدید احتجاج کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف ایوان میں داخل ہوئے تو حکو متی ممبران نے خیر مقدمی ڈیسک بجا ئے لیکن اپو زیشن نے گو نواز گو کے نعرے لگا ئے ۔صدر مملکت ممنون حسین کی آمد کے بعد قومی ترانہ پڑھاگیا ۔ تلاوت اور نعت کے بعدا سپیکر سردار ایاز صادق نے صدر مملکت کو خطاب کی دعوت دی تو خورشید شاہ پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کیلئے کھڑے ہوگئے۔اس دوران اپوزیشن کے ممبران اپنی اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی ۔ بعض ممبران نے پلے کارڈز نکال لئے۔ شور شرابہ کےبا وجود صدر مملکت نے خطاب جاری رکھا۔حکومتی ممبران صدر کی حوصلہ افزائی کیلئے ڈیسک بجاتے رہے۔ جمشید دستی نے سیٹیاں بھی بجائیں۔ ایک ممبر نے صدر کی تقریرکی کاپیوں کو پھاڑ دیا تاہم ایم کیو ایم نے اپوزیشن کے احتجاج اور بائیکاٹ میں حصہ نہیں لیا اور ایوان میں موجودرہی۔قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین سے وزیراعظم  نواز شریف نے ملاقات کی جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے صدر مملکت کو کابینہ کی نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے گزشتہ روزکے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا ،وزیراعظم نے صدر مملکت کو گزشتہ دنوں چین میں ہونیوالی ون بیلٹ ون روڈ کانفرنس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعدازاں ایوان سے روانگی کے موقع پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے اپوزیشن کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے تماشا لگایا اور ہم کام کرتے رہیں گے۔صدر کے خطاب پر مہمانوں کی گیلر یاں کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں۔ غیر ملکی سفارتکار بھی بڑی تعداد میں احتجاج کا لائیو نظارہ دیکھنے کیلئے مو جود تھے۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، گور نر خیبر پختو نخوا ظفر اقبال جھگڑا، گور نر سندھ محمد زبیر ، وزیر اعلی بلوچستان سردار ثنا ء اللہ زہری اور وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حبیب الرحمنٰ نے بھی کاروائی دیکھی ۔ چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل محمد زبیر محمود،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، چیف آف ا یئراسٹاف سہیل امان ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذ کا ء اللہ نے بھی کاروائی دیکھی۔ صدر کا خطاب ختم ہوا تو ممبران نے وزیر اعظم کو گھیر لیااور وزیر اعظم نے باری باری سب سے مصافحہ کیا اور اسپیکر چیمبر چلے گئے۔ اسپیکر نے صدر کے خطاب کے بعد اجلاس کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظا مات کئے گئے تھے۔ 
تازہ ترین