• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس کا مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کو دہشتگردی کا ذمہ دار قرار دینے سے انکار

ماسکو (جنگ نیوز) روس نے پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا مرتکب قرار دینے سے انکار کرکے بھارت کی توقعات پر پانی پھیر دیا۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق روس کے صدر ولادمیر پوٹن نے بھارتی خبر رساں ادارے ’’پی ٹی آئی‘‘ کے نمائندے کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کو بھڑکا رہا ہے یا نہیں، اس کا جائزہ لینا آپ کا کام ہے۔ قبل ازیں بھارتی وزیر اعظم گزشتہ روز روس پہنچ گئے،  جہاں انہوں نے روسی صدر سے ملاقات کی۔پوتن اور مودی کی ملاقات میں دوطرفہ امور، خطے کی صورت حال اور عالمی مسائل پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر نریندر مودی نے روسی صدر کا بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت دلانے کے حوالے سے کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ ادھر  صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کے دوران بھارتی خبر رساں ادارے کے نمائندے کے مقبوضہ کشمیر پر ایک سوال کا براہ راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ یہ آپ کا کام ہے کہ آپ اس بات کا جائزہ لیں کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کو بھڑکا رہا ہے یا نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ خطرہ خواہ کہیں سے بھی ہو، ناقابل قبول ہے اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت کی ہمیشہ حمایت کریں گے۔ روس کے صدر ولادمیر پوٹن نے کہا ہے کہ روس کے پاکستان کے ساتھ بہت قریبی فوجی تعلقات نہیں ہیں ، انہوں نے دعوی کیا کہ بھارت کے ساتھ روس کی قریبی دوستی کم نہیں ہوسکتی۔ روسی صدر نے کہا کہ پاکستان ملک میں صورتحال کو مستحکم کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات کر رہا ہے۔
تازہ ترین