• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنی گالہ اراضی حلال کے پیسوں سے خریدی، عدالت میں ثابت کردونگا، عمران خان

ایبٹ آباد(صباح نیوز‘آئی این پی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بنی گالا اراضی حلال کے پیسوں سے خریدی جسے عدالت میں ثابت کردوں گا‘مسلم لیگ (ن)مافیاہے‘نہال ہاشمی نے نواز شریف کے کہنے پر ڈرامہ رچایا‘ایک منصوبے کے تحت جے آئی ٹی پر حملہ کیاگیا۔جمعرات کو ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک جھوٹ بولنے کے بعد 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں اور اس کے بعد بھی کسی قطری کا خط لانا پڑتا ہے، جمائما کو بنی گالا اراضی کی خریداری کے لیے بھیجی گئی رقوم کی بینک اسٹیٹمنٹس مل گئی ہیں اور اب انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا‘بنی گالہ اراضی حلال پیسے سے خریدی ہے، جس طرح چاہے تحقیقات کر لی جائے، ہم کسی صورت بلیک میل نہیں ہوں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی نے نواز شریف کے کہنے پر ڈرامہ کیا ہے‘یہ نوازشریف کی پرانی عادت ہے‘پہلے بیان دلواتے ہیں اورپھرہٹاتے ہیں‘پہلے مشاہداللہ اور پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنایا اور اب بہت منصوبے کے ساتھ جے آئی ٹی پر حملہ کیا گیا‘ مسلم لیگ مافیا ہے‘مافیا خریدتاہے یا دھمکاتا ہے‘جے آئی ٹی ارکان پر اعتراض کرنے پر انہیں شرم آنی چاہیے ‘سپریم کورٹ نے نواز شریف کو ڈان قرار دیا‘نہال ہاشمی کو جیل میں ہوناچاہئے ‘ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت متعدد پاکستانی بیرون ملک جیلوں میں بند ہیں جن کی کوئی خبر گیری کرنے والا نہیں‘ہم نے ایمل کانسی، رمزی یوسف کو پکڑ کر دے دیا‘ ہم ایسی مخلوق ہیں جس پر جتنا چاہے ظلم ہوتا رہے یہ غلط ہے‘اگر وزیراعظم ڈاکا مارے تو کیا ہمارا نظام اسے پکڑ سکتا ہے‘عمران خان نے خیبر پختونخواکے ہڑتالی ڈاکٹروں کے حوالے سے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر صرف ایک گھنٹہ اسپتال آتے ہیں‘ہم نے حاضری کا بائیو میٹرک سسٹم شروع کیا جس کے خلاف ڈاکٹرز ہڑتال پر چلے گئے‘ ڈاکٹروں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے‘ہڑتالی ڈاکٹرز مریضوں کی اموات کے ذمہ دار ہیں۔کراچی میں ٹینکر مافیا اربوں روپے کما رہا ہے ۔
تازہ ترین