• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ گروپ کرپٹ خاندان کا تحفظ کررہا ہے ،‘ترجمان جنگ گروپ نے الزامات مستردکردیئے

Todays Print

 اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)عمران خان نے ہفتہ کو بنی گالہ میں پریس کانفرنس کے دوران جنگ گروپ پر حکومت کا ساتھ دینے کے الزامات لگائے اور کہا کہ کیایہ میڈیا ہائوس کا کام ہے کہ وہ کرپٹ خاندان کی کرپشن بچائے۔ عمران خان نے کہاکہ شکیل الرحمن یہ جو آج کررہے ہیں ‘یہ ساری پروسیڈنگ پر جس طرح کی انہوں نے کوریج دی ہے ‘کیامیڈیا ہائوس کا یہ کام ہے کہ کرپٹ خاندان کی کرپشن کوبچانا‘کیاآپ کا یہ کام ہے کہ آپ کرپٹ خاندان کو تحفظ فراہم کریں‘ساری قوم کرپشن کی وجہ سے مری ہوئی ہے اورتباہ ہوئی ہے ‘منی لانڈرنگ کی وجہ سے یہاں غربت اوربیروزگاری ہے ‘ یہاں کا ایک ہزار ارب روپیہ سالانہ منی لانڈرنگ ہوکر باہر جاتا ہے‘وہ پیسہ پاکستان پر خرچ ہوتونوجوانوں کو نوکریاں ملیں ‘ سب سے بڑے منی لانڈرر نواز شریف، ان کا خاندان اسحاق ڈار ہیں۔ خود لکھا ہوا ہے کہ یہ منی  لانڈرنگ کرتے ہیں اور کیا یہ کام ہے کہ ان کی کرپشن بچانا‘ کیا آپ کا یہ کام ہے کہ آپ غلط غلط اسٹوریز بتائیں ، کیا آپ کا یہ کام ہے کہ جی وہ جان پہ کھیل کر چلے گئے ‘میں جنگ اور نیوز کے صحافیوں کے خلاف نہیں ہوں میں صرف یہ جو پالیسی ہے جو کنگ میکر بنا ہوا ہے فیصلہ کررہا ہے کہ پاکستان میں تم ڈاکے بھی مارو میں تمہارے ساتھ ہوں ‘میں تمہیں بچا سکتا ہوں ‘کیا یہ ہے میڈیا کا کام، کیا یہ ہے ایک میڈیا کا جو ہیڈہے کیا وہ اس طرح ملک میں functionکرتا ہے‘ تمہارا تو کام ہے سچ سامنے لے کر آئو،آپ کا کام ہے جب ملک میں کوئی کرپشن ہو اس کوبے نقاب کرو‘کیا آپ کا کام ہے کرپٹ آدمی کو بچائو‘ یہ ساری قوم جانتی ہے کہ جھوٹ بول رہا ہے بچہ بچہ پاکستان میں جانتا ہے کہ یہ جھوٹ بول رہا ہے ، وہاں یہ سواسال سے جھوٹ بول رہے ہیں اور یہاں بیٹھے کہہ رہے ہیں کہ اپنی جان کے اوپر کھیل کے مغل اعظم نواز شریف جا رہا ہے جے آئی ٹی کے سامنے ‘ اس کو طلب کیا گیا ہے اور سپریم کورٹ کو آپ بدنام کریں۔ آپ غلط غلط خبریں  لگائیں کہ واٹس ایپ کوئی نکلا ہے  پتا نہیں کیا سازش ہے کہ کسی طرح ان کے  اس کرپٹ خاندان کے خلاف سازش ہے ۔دوسری جانب ترجمان جنگ گروپ نے عمران خان کے الزامات کی پرزور تردید کی ہے‘ ترجمان کا کہنا ہے کہ دراصل عمران خان چاہتے ہیں کہ جنگ گروپ سب کا موقف دینے کی اپنی روایت کے برعکس یکطرفہ طور پر صرف ان کا ساتھ دے ‘ترجمان جنگ گروپ نے کہا پاناما لیکس کی خبر پاکستانی میڈیا میں سب سے پہلے جنگ گروپ نے بریک کی‘ جنگ گروپ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاناما لیکس کی یہ خبر تمام تر تفصیلات اور ناموں کے ساتھ سب سے پہلے جنگ گروپ کے صحافیوں نے دی‘ اس کے علاوہ کئی اور خبریں بھی پاناما کیس کے سلسلے میں دی جاتی رہیں‘ دراصل عمران خان کی خواہش ہے کہ جنگ گروپ کے صحافی اور اس کی پالیسیاں یکطرفہ طور پر خان صاحب کا ساتھ دیں‘ ترجمان نے بتایا کہ جنگ اپنے عوام کے لیے ہر قسم کا موقف دیتا ہے تاکہ ان کی معلومات میں اضافہ ہو اور وہ صحیح فیصلہ کرسکیں‘ عمران خان نے پہلے بھی کئی الزامات لگائے ہیں اور جنگ گروپ ان الزامات کو پاکستان کی عدالتوں میں بھی لے کر گیا ہے اور پھر برطانیہ میں بھی عدالت نے مختلف قسم کے الزامات کے سلسلے میں جنگ گروپ کے حق میں فیصلے کیے گئے دراصل عمران خان ایک بار پھر کوشش کررہے ہیں کہ ادارہ جنگ گروپ کو متنازع بنایا جائے تاکہ عوام سمجھیں کہ جنگ گروپ کسی ایک فریق کے حق میں اور دوسرے کے خلاف ہے‘ ترجمان جنگ گروپ عمران خان کے الزامات کی بھرپور تردید کرتا ہے اور اس سلسلے میں ایک بار پھر عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا ۔دریں اثناء تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر جے آئی ٹی کی متعصبانہ اور یکطرفہ کوریج پر تحریک انصاف نے احتجاجاً جنگ گروپ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے‘اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے تمام نمائندوں کو جنگ گروپ کے تمام فورمز پرجانے سے روک دیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے ایک اجلاس کے دوران میڈیا گروپ کے بائیکاٹ اور مستقبل میں میڈیا گروپ کے کسی فورم پر اپنے نمائندے نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پی ٹی آئی کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی نے تصدیق کی کہ ’’ اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر اس بات کا فیصلہ کیا گیا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی نے اس کا اعلان نہیں کیا لیکن انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا‘‘۔

تازہ ترین