• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکست سے بھارتی عوام مشتعلتوڑ پھوڑ، ہوائی فائرنگ

اسلام آباد (خالد محمود خالد)چیمپئن ٹرافی میں بھارت کی تاریخی شکست نے بھارتی عوام کو مشتعل کر دیا اور کئی شہروں میں عوام بھارتی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور میچ دکھانے کے لئے کئی جگہوں پر لگائی گئی بڑی اسکرینوں کو توڑ ڈالا۔ چندی گڑھ میں بپھرے لوگوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو مداخلت کرنا پڑی ۔پولیس نے سیکٹر 64میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے لوگوں کو روکنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جس کے باوجود لوگوں کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہو سکا۔ادھر مختلف کاروباری اداروں اور سرکردہ افراد کی طرف سے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ممکنہ جیت کی خوشی منانے کے لئے مختلف شہروں میں اہم دوستوں اور کلائینٹس کی دعوتوں کا اہتمام کیا گیا تھا اور ان کے لئے انواع و اقسام کے کھانے تیار کئے گئے تھے جو شاہینوں کے ہاتھوں بھارتی ٹیم کی عبرتناک شکست کے بعدضائع کرنے پڑے ۔مختلف ہوٹلوں میں دعوتوں کے لئے کی گئی بکنگ آخری اوقات میں منسوخ کروانی پڑیں۔امرتسر کے ایک انتہائی سینئر صحافی رویندر سنگھ روبن نے اسے پاکستان کی عاجزی کا صلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس کے غرور اور گھمنڈ کی سزا ملی ہے۔ ایک بھارتی ٹی وی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کچھوے اور خرگوش کی کہانی ثابت ہوئی جس میں بھارت نے پاکستان کو معمولی حریف سمجھااور آخری دن تک اسے حقارت کی نگاہ سے دیکھتا رہا۔

تازہ ترین